ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ یوتھ آفس تورغر کے زیر اہتمام پہلی بار ضلع تورغر میں انٹرنیشنل یوتھ ڈے منایا گیا۔ تقریب کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ان کے کردار کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تورغر شمس الرحمن سواتی تھے، جبکہ ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر زاہد حسین شاہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عاقب خان، ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس کے منصور احمد، معروف کاروباری و سماجی شخصیت مولانا خلیل احمد صدیقی اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔مقررین نے نوجوانوں کو ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہیں تعلیم، کھیل، ہنر اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ نوجوان تعلیم کے ساتھ کردار سازی، نظم و ضبط، مثبت سوچ اور معاشرتی ذمہ داریوں پر بھی توجہ دیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنی توانائیاں تعمیری سرگرمیوں میں صرف کرتے ہوئے ضلع اور ملک کا نام روشن کریں۔تقریب کے دوران نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے حوالے سے شیلڈز اور اعزازات بھی پیش کیے گئے۔شرکاء نے ضلع تورغر میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی نوجوانوں کے لیے کھیل، تعلیم، تربیت اور ہنر کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔مقررین کا کہنا تھا کہ نوجوان مضبوط ہوں گے تو تورغر مضبوط ہوگا اور تورغر کے نوجوان آگے بڑھیں گے تو ضلع ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔
