Skip to content

ہزارہ یونیورسٹی میں منیزے جہانگیر اسپاٹ لائٹ کے تحت نئے صوبوں کے قیام پر عوامی مباحثہ منعقد

شیئر

شیئر

مانسہرہ، 25 نومبر 2026ء

ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات کے زیرِ اہتمام منیزے جہانگیر اسپاٹ لائٹ کے تحت نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ایک اہم عوامی مباحثہ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ اس مباحثے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، صحافیوں، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی، جبکہ طلبہ نے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام، سیاسی نظام کے مستقبل اور قومی سیاست کے مختلف پہلوؤں پر اپنے سوالات اور آراء پیش کیں۔

مباحثے کی میزبانی اور نظامت سینئر صحافی، انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی شریک چیئرپرسن منیزے جہانگیر نے کی۔ پینل میں سابق رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا سردار ظہور، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نمائندے، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما صدیق شیدائی اور ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر سردار نوید عالم شامل تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ افتتاح شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات کے چیئرپرسن ڈاکٹر عادل خان نے کیا۔ انہوں نے تمام معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان کی جانب سے یونیورسٹی میں علمی، سیاسی اور سماجی مکالمے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی میں علمی مباحثے اور آزادانہ اظہارِ خیال کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، جہاں سماجی، سیاسی، معاشی اور عالمی مسائل پر آکسفورڈ یونین کے روایتی اور معروف مباحثوں کی طرز پر گفتگو اور تبادلہ خیال کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کو محض تدریسی ادارے کے بجائے فکر، مکالمے، تنقیدی شعور اور دانشورانہ سرگرمیوں کا مرکز بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے پروگرام کے منتظمین اور منیزے جہانگیر کی علمی و صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے جامعات میں مکالمے، تنقیدی سوچ اور علمی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہزارہ یونیورسٹی کو پاکستان کی بہترین یونیورسٹی بنانے کے اپنے وژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی علمی سرگرمیاں اس مقصد کے حصول کی جانب اہم قدم ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علاقائی، نسلی اور محدود شناختوں سے آگے بڑھ کر عالمی تناظر میں سوچیں اور مقامی سطح پر معاشرے کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی آراء، سوالات اور تجاویز پالیسی سازوں کو پاکستان کے عوام، بالخصوص نوجوان نسل کی سوچ، ترجیحات اور امنگوں کو سمجھنے میں مدد فراہم کریں گی۔

افتتاحی خطابات کے بعد منیزے جہانگیر نے مباحثے کا باقاعدہ آغاز کیا اور پینل کے شرکاء سے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے مؤقف، ترجیحات، امکانات اور چیلنجز پر سوالات کیے۔ پینل کے شرکاء نے اپنے سیاسی اور فکری نقطہ نظر سے موضوع کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر ہزارہ یونیورسٹی کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور پاکستان کے سیاسی نظام، نئے صوبوں کے قیام، قومی یکجہتی، سیاسی مستقبل اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق اہم اور تنقیدی سوالات اٹھائے۔ طلبہ کی فعال شرکت نے مباحثے کو ایک متحرک اور بامعنی علمی مکالمے میں تبدیل کر دیا۔

مباحثے کے اختتام پر منیزے جہانگیر نے ہزارہ یونیورسٹی کے طلبہ کے فکری جوش، سوال کرنے کی صلاحیت اور علمی توانائی کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے خوبصورت ماحول، علمی ثقافت اور انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں اور شرکاء کے لیے فراہم کردہ بہترین سہولیات اور سازگار ماحول کی تعریف کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہزارہ یونیورسٹی میں موجود علمی استعداد، فکری آزادی اور مکالمے کی ثقافت اسے ملکی اور عالمی سطح کی ممتاز جامعات میں نمایاں مقام دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

منیزے جہانگیر اسپاٹ لائٹ کے تحت منعقد ہونے والا یہ پروگرام جلد ہی ڈیجیٹل میڈیا نیٹ ورک پر نشر کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عادل خان چیئرپرسن شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں