Skip to content

فرام پرَیزنس ٹُو پاور” ڈیجی میپ کی خواتین قیادت سازی کا قومی پائلٹ مرحلہ مکمل

شیئر

شیئر

اسلام آباد —1 مارچ 2026

ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف پاکستان (DigiMAP) نے، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) اور نیشنل اِنڈاؤمنٹ فار ڈیموکریسی (NED) کے تعاون سے، خواتین قیادت سازی کے پائلٹ منصوبے "From Presence to Power: Building Women’s Leadership in DigiMAP” کے اشاعتی مرحلے کی تکمیل کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ پائلٹ منصوبہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب/اسلام آباد اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی دس خواتین ڈیجیٹل میڈیا پروفیشنلز کو ایک جگہ جمع کیا۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد محض تربیت فراہم کرنا نہیں تھا، بَلکہ خواتین کی پیشہ ورانہ موجودگی کو ادارہ جاتی اثر و رُسوخ میں تبدیل کرنے کے لیے با ضابطہ قیادت سازی کا ڈھانچا تشکیل دینا تھا۔

منصوبے کے دوران شُرَکاء نے منظم قیادتی نشستوں اور سینئر خواتین میڈیا لیڈرز کے ساتھ باقاعدہ مینٹورشپ کے عمل میں حصہ لیا۔ ان نشستوں میں نیوز روم کی درجہ بندی، فیصلہ سازی تک رسائی، ڈیجیٹل سلامتی، معاشی پائیداری اور اداریاتی اختیار جیسے بنیادی موضوعات پر سنجیدہ مکالمہ اور گُفت و شُنید ہوئی۔

اس پائلٹ پراجیکٹ کا مرکزی حاصل "وِیمِنز پارٹِیسِپیشن اینڈ اِنکلوژن چارٹر” کی مشترکہ تیاری ہے، جس میں دس مرکزی پیغامات کے ذریعے خواتین کی میڈیا اداروں کے اندر اداریاتی قیادت کو محض نمائندگی کے بجائے ساختی اصلاح سے جوڑا گیا ہے۔ چارٹر اس امر پر زور دیتا ہے کہ قیادت کا مطلب صرف موجودگی نہیں، بلکہ فیصلہ سازی کا اختیار، محفوظ پیشہ ورانہ ماحول، معاشی استحکام اور پالیسی سطح پر شمولیت ہے۔

یہ پروگرام جغرافیائی تنوع کی نمایاں مثال ہے۔ بلوچستان کی تحقیقاتی صحافت سے لے کر خیبر پختونخوا کی اداریاتی خدمات، سندھ کی کہانی نویسی، پنجاب/اسلام آباد کی نیوز روم مینجمنٹ اور گلگت بلتستان کی آڈِیئنس انگیجمنٹ تک، اس منصوبے نے علاقائی ڈیجیٹل میڈیا اِیکو سِسٹم میں ابھرتی قیادت کو منظرِ عام پر لایا۔

منصوبے کے اشاعتی مرحلے میں ڈیجی میپ نے سوشل میڈیا پر چارٹر کے دس پیغامات اور دس خواتین قیادتی پروفائلز جاری کیے، جن کا مقصد قومی سطح پر یہ پیغام دینا تھا کہ علاقائی خواتین صحافی محض حصہ دار نہیں، بل کہ فیصلہ ساز قیادت بننے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

شرَکاء نے محفوظ پیشہ ورانہ نیٹ ورکس، ڈیجیٹل سکیورٹی تربیت، طویلُ المُدتی م٘ینٹَورشپ اور معاشی خود مختاری کو خواتین کی پائیدار قیادت کے لیے نا گُزِیر عناصِر قرار دیا۔

ڈیجی میپ کے مطابق یہ پائلٹ ایک قابلِ توسیع ماڈل فراہم کرتا ہے جسے مستقبل میں مزید خواتین صحافیوں تک وُسعت دی جا سکتی ہے۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) اور نیشنل اِنڈاؤمنٹ فار ڈیموکریسی (NED) کی مُعاونت سے یہ اقدام اس عزم کی توثیق کرتا ہے کہ پاکستان کے ڈیجیٹل میڈیا منظر نامے میں خواتین کی قیادت کو ساختی بنیادوں پر مضبوط کیا جائے گا۔

یہ منصوبہ اس بنیادی مؤقف کو مستحکم کرتا ہے کہ پائیدار نیوز روم اصلاح کے لیے خواتین کی قیادت کو تحفظ، اختیار اور معاشی استحکام کے ساتھ مربوط کرنا نا گُزِیر ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں