Skip to content

اغواء، دھوکہ دہی اور رقم و گاڑی چھیننے والے گروہ کے اہم ملزمان گرفتار

شیئر

شیئر

تھانہ اوگی کی حدود میں اغواء، رقم اور گاڑی چھیننے کی واردات میں ملوث بین الاضلاعی گروہ کے چار اہم ملزمان کو پولیس نے جدید ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے گرفتار کر لیا، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ، گاڑی، موٹر سائیکل اور مدعی سے لی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔

چند روز قبل پشاور حیات آباد سے تین اشخاص، عامر، شاہد اور دانش ایک ٹویوٹا کرولا ایٹلس گاڑی بک کروا کر اسے مانسہرہ، تھانہ اوگی کی حدود میں لائے۔ یہاں انہوں نے اپنے ایک ساتھی نبی الرحمٰن ولد عام دراز سے رابطہ کیا، جو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ان سے ملا اور گاڑی کو اپنے گھر کی جانب لے گیا۔ گھر پہنچنے پر ملزمان نے ڈرائیور کے سامنے نشہ آور اشیاء کا استعمال کیا، پھر مدعی سے زبردستی پچاس ہزار روپے نقدی، گاڑی کی چابیاں اور رجسٹریشن کارڈ چھین لیا، اور گاڑی لے کر فرار ہو گئے۔ ڈرائیور کو مقامی دوست کے ہاں چھوڑ دیا گیا۔

اس کے بعد نبی الرحمٰن نے ڈرائیور کو اسلحہ کی نوک پر ڈرا دھمکا کر مزید رقم گھر سے منگوانے پر مجبور کیا۔ یوں مدعی سے مزید ایک لاکھ روپے اے ٹی ایم کے ذریعے وصول کیے گئے۔ بعد ازاں ڈرائیور کو چھوڑ دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ اوگی میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایس ایچ او اوگی صداقت خان اور OII وارث خان نے ہمراہ پولیس ٹیم بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید ٹیکنیکل طریقہ کار سے تفتیش کا آغاز کیا، اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث چار ملزمان — نبی الرحمٰن ولد عام دراز، آفاق الرحمٰن ولد شفیع الرحمٰن، عامر ولد عمران (سکنہ بنوں)، اور وقاص ولد محمد شریف (سکنہ ہشتنگری، پشاور) — کو گرفتار کر لیا۔

کارروائی کے دوران ٹویوٹا کرولا گاڑی، واردات میں استعمال شدہ موٹر سائیکل، دو عدد پستول، ایک عدد کلپ اور مدعی سے لی گئی پوری نقدی رقم برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

مانسہرہ پولیس ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں