ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کے احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی قیادت میں مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے جاری مہم میں بڑی پیش رفت ،تھانہ نواز آباد پولیس نے قتل اور اقدام قتل جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی ریشم جہانگیر اور ڈی ایس پی شنکیاری قاضی ماجد نسیم کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ نواز آباد وحید خان نے ہمراہ پولیس ٹیم مؤثر حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے دو اشتہاری ملزمان — پریستان اور احسان پسران شاد محمد ساکنان کیری، نواز آباد کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان تھانہ نواز آباد میں مورخہ 2 مارچ 2025 کو درج مقدمہ علت نمبر 47 میں اقدامِ قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھے۔ مزید برآں، ملزم پریستان راولپنڈی پولیس کو قتل کے ایک مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔
مانسہرہ پولیس مجرمانہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اشتہاریوں، جرائم پیشہ عناصر اور قانون شکنوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل سے جاری رہیں گی۔