ایبٹ آباد: خیبرپختونخوا حکومت نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GDA) کے لیز، لیز کی تجدید، جائیدادوں کی الاٹمنٹ اور بلڈنگ پلان این او سیز کے معاملات کی چھان بین کے لیے چار رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔
محکمہ ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیر صدارت 25 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں جاری ہدایات کی روشنی میں تشکیل دی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر رحیم اللہ محسود کو کمیٹی کا چیئرمین/کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ چیف پلاننگ آفیسر عبدالباسط کمیٹی کے رکن اور سیکرٹری ہوں گے۔ ڈائریکٹر (ایڈمن) GDA نورالحق اور ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹیز خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی حسینہ شوکت بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔
کمیٹی GDA کے لیز سے متعلق مکمل ریکارڈ، لیز کی تجدید، جائیدادوں کی الاٹمنٹ اور اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے بلڈنگ پلان این او سیز کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کو ڈیجیٹل ریکارڈ کے ساتھ دستی اور فزیکل ریکارڈ کی بھی جانچ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی متعلقہ ریکارڈ کی جانچ، حقائق کی تصدیق اور سفارشات پر مشتمل رپورٹ 10 روز کے اندر محکمہ کو پیش کرے گی۔
ڈائریکٹر جنرل GDA کو کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور مطلوبہ ریکارڈ و معلومات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
