پشاور: معلومات تک رسائی کے عالمی دن کی مناسبت سے خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن اور اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے باہمی تعاون سے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں اداروں کے درمیان حقِ معلومات اور شفافیت کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
سیمینار کی صدارت چیف انفارمیشن کمشنر خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن سید نظر حسین شاہ نے کی، جبکہ انفارمیشن کمشنر ارشد احمد، وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید نظر حسین شاہ نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ سرکاری اداروں میں شفافیت اور مالی و انتظامی جواب دہی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ان کے مطابق معلومات تک رسائی باخبر معاشرے کی تشکیل اور بہتر طرزِ حکمرانی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سیمینار میں ڈائریکٹر کمیونیکیشن سید سعادت جہاں نے طلبہ کو تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ زندگی میں معلومات کے حصول کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
دونوں اداروں کے درمیان ہونے والے معاہدے کا مقصد قانونِ معلومات سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا اور شہریوں کو معلومات تک رسائی کے حق کے استعمال کے حوالے سے بااختیار بنانا ہے۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی نے شفافیت اور باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر گزشتہ ایک سال کے دوران حقِ معلومات کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد میں آر ٹی آئی سووینئرز اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
