بٹگرام: تھانہ کوزہ بانڈہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرانسفارمر چوری کی وارداتوں میں ملوث مبینہ گینگ کے سرغنہ سمیت پانچ اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے مالِ مسروقہ اور فروختگی سے حاصل ہونے والی رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق ڈی پی او بٹگرام قمر حیات خان (PSP) کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی ایس پی سرکل بٹگرام ستار خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کوزہ بانڈہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں عدنان ولد مختار عرف شنگ سکنہ کنڈر بٹگرام، حیات اللہ ولد منتظر سکنہ کیار گلی، سیف الاسلام ولد امین سکنہ ارغشوڑی، ثاقب خان ولد یوسف خان سکنہ شنگلی پائیں اور جنت گل ولد اللہ گل سکنہ بیلہ گاندھیاں مانسہرہ شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ٹرانسفارمر چوری سے متعلق مالِ مسروقہ بھی برآمد کرلیا ہے، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسران مختلف پہلوؤں سے معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں اور دورانِ تفتیش مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔
