اسلام آباد: موٹروے پولیس کے مطابق 23 ستمبر 2026 بروز بدھ شام سے موٹروے M-1، M-14 اور جی ٹی روڈ N-5 کے مختلف حصے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق M-1 اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ اس دوران اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ/ترنول، سنگجانی/AWT، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینجز بھی بند رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے M-14 پر ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بندش ہوگی۔ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ، داؤد خیل، کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینجز بھی بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ N-5 بھی اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں سے سفر کے دوران متبادل راستے اختیار کرنے اور متعلقہ ہدایات پر عملدرآمد کی اپیل کی ہے۔
