لاہور: پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ڈیجیٹل میڈیا کے زیر اہتمام اکیڈمیا اور ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، چیئرپرسن شعبہ ڈیجیٹل میڈیا پروفیسر ڈاکٹر سویرا مجیب شامی، ڈاکٹر شفیق کمبوہ سمیت مختلف جامعات اور میڈیا انڈسٹری سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ایسے تربیت یافتہ گریجویٹس تیار کرنے کی ضرورت ہے جو دنیا کے کسی بھی حصے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ آئندہ پانچ برس میں حالات کس سمت جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا سمیت ہر شعبے میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم اور تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وائس چانسلر نے پالیسی ڈائیلاگ کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
چیئرپرسن شعبہ ڈیجیٹل میڈیا پروفیسر ڈاکٹر سویرا مجیب شامی نے تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے بدلتے تقاضوں اور طلبہ کی عملی تربیت کو بہتر بنانے کے لیے تعلیمی اداروں اور میڈیا انڈسٹری کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ جامعات اور میڈیا اداروں کے درمیان مضبوط روابط سے طلبہ کو جدید میڈیا کی ضروریات کے مطابق بہتر تربیت اور عملی تجربہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
