ایبٹ آباد سپورٹس کمپلیکس میں پہلا بیڈمنٹن فیملی کیمپ ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا، جس میں بچوں، کھلاڑیوں اور فیملیز نے بھرپور شرکت کی۔
ٹورنامنٹ کے مہمانِ خصوصی پرسنل سیکریٹری ٹو ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی یاسر قریشی تھے، جبکہ معروف انٹرنیشنل بیڈمنٹن کوچ ندیم خان نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ندیم خان نے بچوں کو بیڈمنٹن کے بنیادی اصولوں، کھیل کی تکنیک، فٹ ورک، شاٹ سلیکشن اور بہتر کھیل کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ دی۔ بچوں نے کوچنگ سیشن میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مختلف عملی مشقوں میں حصہ لیا۔
مہمانِ خصوصی یاسر قریشی نے کھیلوں کی سرگرمیوں اور بچوں کے لیے تربیتی پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ بیڈمنٹن کے فروغ، بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے تربیتی اور کھیلوں کے پروگرام جاری رکھے جائیں گے۔
