Skip to content

اسلام آباد، راولپنڈی میں طوفانی بارش نے 16 سالہ ریکارڈ ٹوڑ دیا

شیئر

شیئر

راولپنڈی: اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش نے 16 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، شدید بارش کے باعث متعدد علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں طغیانی کے بعد قریبی آبادیوں کو انخلا کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

بارش کا سلسلہ رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوا جو صبح 8 بجے تک جاری رہا۔ مسلسل اور شدید بارش کے باعث مختلف علاقوں میں پانی گھروں، دکانوں اور تجارتی مراکز میں داخل ہوگیا، جبکہ متعدد سڑکیں زیرِ آب آنے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شمس آباد میں 197 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 184، گولڑہ میں 157، پی ایم ڈی میں 146 جبکہ پیرودھائی میں 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 21 فٹ ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے نالہ لئی کے قریب آباد شہریوں کو فوری انخلا کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 60 افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔

شدید بارش اور اربن فلڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ برقرار ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں