Skip to content

مانسہرہ: موسیٰ کا مصلہ ٹریک سے لاپتہ برطانوی سیاح کی تلاش میں نئی پیش رفت

شیئر

شیئر

مانسہرہ: سرن ویلی میں موسیٰ کا مصلہ ٹریک سے لاپتہ ہونے والے برطانوی سیاح کی تلاش کے لیے جاری سرچ آپریشن میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اسلام آباد سے خصوصی ڈرون ٹیم سرن ویلی کے علاقے منڈہ گچھہ پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق معروف کوہ پیما ذیشان فاروق کی نگرانی میں ڈرون ٹیم دشوار گزار پہاڑی علاقوں کی فضائی نگرانی کے ذریعے لاپتہ برطانوی سیاح کی تلاش کرے گی۔ ٹیم گلی ہائی بیس کیمپ تک جائے گی، جہاں سے موسیٰ کا مصلہ کی جانب جانے والے ٹریک پر ڈرون کے ذریعے سرچ آپریشن کیا جائے گا۔

لاپتہ سیاح کی تلاش کے لیے پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات، مقامی افراد اور دیگر امدادی ٹیمیں بھی سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تقریباً 200 پولیس اہلکاروں سمیت محکمہ جنگلات اور ریسکیو بفہ پکھل کے اہلکار مختلف مقامات پر تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دشوار گزار پہاڑی علاقہ، خراب موسم اور موبائل فون سگنلز کی عدم دستیابی کے باعث زمینی سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم ڈرون ٹیم کی شمولیت سے ان علاقوں کی بھی فضائی نگرانی ممکن ہوگی جہاں زمینی ٹیموں کا پہنچنا مشکل ہے۔

سرچ ٹیموں کے ہمراہ موجود ہزارہ ایکسپریس نیوز کے اعزازی نمائندہ ابوبکر قریشی کے مطابق ٹیمیں موسیٰ کا مصلہ بیس کیمپ گلی تک پہنچ کر تلاش کا دائرہ مزید وسیع کریں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاپتہ سیاح کی تلاش کے لیے زمینی اور فضائی سرچ آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں مختلف مقامات پر ممکنہ راستوں اور ٹریکس کی نگرانی کر رہی ہیں۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں