خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ایک ہزار 507 سرکاری سکول تاحال چاردیواری سے محروم ہیں، جس کے باعث طلبہ و طالبات کی سیکیورٹی اور تعلیمی ماحول سے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ ایسے سکول لوئر کوہستان میں ہیں، جہاں 204 سکولوں کی چاردیواری موجود نہیں۔ مانسہرہ میں 169، اپر کوہستان میں 160، بٹگرام میں 118 اور کولائی پالس میں 113 سکول چاردیواری سے محروم ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایبٹ آباد میں بھی 110 سکولوں کی چاردیواری نہیں ہے۔صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی متعدد سکول بنیادی حفاظتی سہولت سے محروم ہیں، جس کے باعث خصوصاً طالبات کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی ایک اہم مسئلہ بن گئی ہے۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ سکولوں میں چاردیواری کی تعمیر نہ صرف طلبہ و طالبات کے تحفظ بلکہ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے بھی ضروری ہے، اس لیے محروم اسکولوں میں ترجیحی بنیادوں پر چاردیواری تعمیر کی جانی چاہیے۔
