Skip to content

مردان: ایس پی انویسٹی گیشن آفس میں قتل کے ملزم کو پولیس اہلکار نے گولی مار کر قتل کردیا

شیئر

شیئر

مردان: ایس پی انویسٹی گیشن آفس مردان کے اندر پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر اپنے بھائی کے قتل کا بدلہ لیتے ہوئے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایس پی انویسٹی گیشن آفس کے اندر پیش آیا، جہاں 302 کے مقدمے میں نامزد ملزم کو پولیس اہلکار عمران سکنہ چمتار نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے اہلکار کو موقع پر گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق مقتول ملزم نے گزشتہ روز پولیس اہلکار کے بھائی کو مبینہ طور پر قتل کیا تھا، جس کے بعد تھانہ صدر پولیس نے اسے گرفتار کرکے تفتیش کے لیے تحویل میں لیا تھا۔پولیس کے مطابق اہلکار نے مبینہ طور پر بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن آفس کے اندر ملزم پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کے بعد ڈی پی او مردان مسعود احمد بنگش نے غفلت برتنے پر تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں