مندرہ کے علاقے سے قیدی کے فرار ہونے کے معاملے میں سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کے احکامات پر قیدی کو فرار کرانے کی مبینہ سازش میں ملوث تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں اے ایس آئی توقیر حسین، ہیڈ کانسٹیبل محبوب خان اور کانسٹیبل قاسم شامل ہیں۔واقعے کا مقدمہ تھانہ مندرہ میں دہشت گردی، مجرمانہ سازش، اقدام قتل، پولیس سے مزاحمت سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق قیدی حماد کو جہلم جیل سے راولپنڈی کی عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔ واپسی پر پولیس اہلکاروں اور قیدی کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر پہلے سے منصوبہ بندی کرکے اسے سرکاری گاڑی کے بجائے ایک نجی گاڑی میں بٹھایا۔اطلاع ملنے پر مندرہ پولیس نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو فرار ہونے والے قیدی حماد اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قیدی کے ساتھی دانیال کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار قیدی حماد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن اور مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حماد سنگین نوعیت کے مختلف مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ فرار قیدی اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کی معاونت یا پشت پناہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
