Skip to content

بالاکوٹ پولیس نے جعلی لیڈی پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کرکے قبضہ سے وردی اور کارڈز برآمد کر لیے

شیئر

شیئر

مانسہرہ تھانہ بالاکوٹ کی حدود میں مانسہرہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خود کو لیڈی کانسٹیبل ظاہر کرنے والی جعلی خاتون کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمہ کے قبضے سے جعلی پولیس سروس کارڈز اور وردی بھی برآمد کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گرلاٹ کی رہائشی ایک خاتون نے تھانہ بالاکوٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ ایک خاتون، مسمات (س) زوجہ فیضان سکنہ بوئی، خود کو محکمہ پولیس کی لیڈی کانسٹیبل ظاہر کرتی ہے اور اکثر جھگڑا، بدتمیزی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتی ہے۔ مذکورہ خاتون کے پاس پولیس کی وردی اور کارڈز بھی موجود تھے، جنہیں وہ اپنے اثر و رسوخ کے لیے استعمال کرتی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللّٰہ گنڈا پور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ ان احکامات کی روشنی میں ایس ایچ او تھانہ بالاکوٹ فہد شاہ نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزمہ کے قبضے سے دو جعلی پولیس سروس کارڈز اور پولیس کی وردی برآمد ہوئی۔ملزمہ خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے مختلف افراد پر دباؤ ڈالتی اور انہیں ہراساں کرتی تھی۔ ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللّٰہ گنڈا پور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے نوسرباز اور جعلی عناصر سے ہوشیار رہیں اور ان کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے کو دیں تاکہ ان کے خلاف بروقت اور سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں