تحریر : راشد خان سواتی
کچھ شخصیات دنیا سے رخصت ہو جاتی ہیں، مگر ان کے نام، کردار، علمی خدمات اور جدوجہد زمانوں تک زندہ رہتے ہیں۔
مانسہرہ کی دینی، علمی اور سیاسی تاریخ کا ایک معتبر نام، جمعیت علمائے اسلام مانسہرہ کے امیر، سابق سینیٹر، ممبر رابطہ اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام کی مجلسِ شوریٰ کے رکن، حضرت مولانا سید ہدایت اللہ شاہ صاحب طویل علالت کے بعد اس دارِ فانی سے رخصت ہو کر سفرِ ابدی پر روانہ ہو گئے۔
ان کی وفات محض ایک شخصیت کی جدائی نہیں بلکہ مانسہرہ کے دینی، علمی اور سماجی حلقوں کے لیے ایک ایسے عہد کا اختتام ہے جس کی اپنی ایک پہچان، اپنی ایک تاریخ اور اپنی روایات تھیں۔
سید ہدایت اللہ شاہ صاحب ایک عالمِ دین کی حیثیت سے معتبر، سنجیدہ اور باوقار شخصیت کے مالک تھے۔ نسبتِ سادات اور حسینی خانوادے کی روایات کے امین ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت میں علم، وقار، متانت، خودداری اور دینی حمیت کے نمایاں پہلو موجود تھے۔ ان کا تعلق شہداء کی سرزمین، علم و دین سے محبت رکھنے والی زرخیز دھرتی کانشیاں سے تھا۔ اسی علمی اور دینی ماحول نے ان کی شخصیت کو ایک الگ شناخت عطا کی۔
ان کی علمی بصیرت، دینی فہم اور سیاسی تدبر نے انہیں محض ایک جماعتی رہنما تک محدود نہیں رکھا بلکہ وہ مانسہرہ کے دینی و سماجی حلقوں میں ایک قابلِ احترام حوالہ بن گئے۔ سیاست میں ان کا انداز اپنا تھا؛ گفتگو میں سنجیدگی، مؤقف میں استقامت، معاملات میں تدبر اور جماعتی امور میں نظم و ضبط ان کی شخصیت کے نمایاں پہلو تھے۔ انہوں نے طویل سیاسی جدوجہد کے دوران جماعتی ذمہ داریاں نبھائیں اور اپنے حلقۂ احباب اور کارکنوں میں ایک خاص مقام حاصل کیا۔
ان کی زندگی کا ایک قابلِ ذکر پہلو یہ بھی ہے کہ طویل بیماری اور جسمانی تکالیف کے باوجود ان کی دینی و فکری وابستگی اور اپنے مؤقف سے استقامت کا جذبہ برقرار رہا۔ بیماری نے جسم کو ضرور متاثر کیا، مگر ان کی زندگی بھر کی جدوجہد، حق گوئی اور دینی وابستگی ان کے کردار کا حصہ رہیں۔
اگرچہ ان کے خاندان میں محکمہ تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کے شعبوں سے وابستہ کئی معروف نام موجود ہیں، لیکن سید ہدایت اللہ شاہ صاحب کا اپنا تعارف، اپنی شناخت اور اپنا مقام تھا۔ انہوں نے اپنی شخصیت کو کسی خاندانی منصب یا نسبت کا محتاج نہیں بنایا بلکہ علم، دینی خدمات، سیاسی جدوجہد اور جماعتی وابستگی کے ذریعے ایک مستقل حوالہ قائم کیا۔
کچھ نام عہدوں سے نہیں، اداروں سے پہچانے جاتے ہیں اور کچھ شخصیات اداروں کو اپنی نسبت سے پہچان دے جاتی ہیں۔
مانسہرہ میں ان کا نام ہمیشہ ان کے مدرسے، ان کے شاگردوں، ان کی علمی و دینی خدمات اور ان کی جماعتی جدوجہد کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔ آنے والی نسلیں جب اس خطے کی دینی و سیاسی تاریخ کا مطالعہ کریں گی تو سید ہدایت اللہ شاہ صاحب کا ذکر ایک ایسے عالمِ دین اور سیاسی رہنما کے طور پر سامنے آئے گا جس نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ دین، علم اور اپنی جماعت کے لیے وقف کیے رکھا۔
آج ان کے شاگرد، عقیدت مند، جماعتی رفقا اور اہلِ علاقہ ایک ایسی شخصیت کی جدائی کا غم محسوس کر رہے ہیں جس کی موجودگی ان کے لیے ایک مضبوط حوالہ تھی۔ ان کے مدرسے سے فارغ ہونے والے شاگرد، ان کی علمی نسبت اور ان کے نام سے وابستہ یادیں ان کی زندگی کے تسلسل کا ذریعہ رہیں گی۔
انسان کی زندگی محدود ہے، مگر اس کے اعمال، خدمات، تربیت اور قائم کردہ روایات اس کی عمر سے کہیں زیادہ طویل ہوتی ہیں۔ سید ہدایت اللہ شاہ صاحب بھی اپنے پیچھے ایک ایسا علمی و دینی حوالہ چھوڑ گئے ہیں جسے وقت مٹا نہیں سکتا۔
آج دل افسردہ ہے، الفاظ بوجھل ہیں اور ایک باوقار شخصیت کی جدائی کا احساس گہرا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی تمام دینی، علمی اور ملی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان، شاگردوں، عقیدت مندوں اور تمام متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔