Skip to content

تدریس کی حکمرانی اور معلم کی معراج

شیئر

شیئر

تحریر : راشد خان سواتی

کچھ اساتذہ عہدوں سے نہیں، اپنے علم، کردار اور تدریس سے پہچانے جاتے ہیں!

بحثیت ایک تعلیمی ادارے کے سربراہ، بحثیت استاد اور بحثیت طالب علم جب میں اپنے تعلیمی سفر اور محکمہ تعلیم میں گزرے ہوئے ادوار پر نظر ڈالتا ہوں تو محسوس کرتا ہوں کہ ہم شاید ابھی تک اس مقام اور معراج کو نہیں چھو سکے جسے ہمارے علاقے جبوڑی کی ملحقہ بستی کائیاں کے استادِ محترم عبدالحنان قریشی صاحب نے اپنی تدریسی زندگی میں حاصل کیا تھا۔

وہ اسلامیات، عربی اور فارسی کے استاد تھے، لیکن ان کی اصل پہچان محض ان مضامین کی تدریس نہیں تھی۔ ان کا وقار، معیار، اطوار، شخصیت اور اندازِ معلمی ایسا تھا کہ ہر خاص و عام ان کے سامنے احتراماً سر جھکا دیتا تھا۔

مجھے چھٹی جماعت میں صرف ایک سال ان سے سیکھنے کا موقع ملا۔ اسی سال وہ ملازمت سے ریٹائر ہو گئے، لیکن ان کی شخصیت کا نقش آج بھی ذہن میں محفوظ ہے۔ ہمارے سینئرز اور اساتذہ کرام سے لے کر عام لوگوں تک، آج بھی قریشی صاحب کی تدریس اور معلمی کا ذکر احترام سے کیا جاتا ہے۔

ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ماہرینِ تعلیم نے جس انداز میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور خود انہوں نے اپنے ادارے، محکمہ اور شاگردوں سے جدائی کے لمحات کو جس جذباتی انداز میں بیان کیا، وہ دراصل ایک استاد کی حقیقی حکمرانی کا منظر تھا۔ یہ حکمرانی کسی انتظامی عہدے یا سرکاری اختیار کی محتاج نہیں تھی، بلکہ علم، کردار اور شاگردوں کی محبت سے قائم ہوئی تھی۔

اسی سلسلے کی ایک اور قابلِ احترام شخصیت عمر خطاب خان مرحوم، سابق پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول جبوڑی تھے۔ انہوں نے علم و ادب کے ساتھ انتظامی امور میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انگریزی، اردو اور فارسی ادب سے گہری وابستگی اور تدریس پر ان کی گرفت ان کی شخصیت کا نمایاں وصف تھی۔

ان کی تحریر، اردو اور انگریزی میں دلکش ڈرافٹنگ، خوش لباسی، خوش گفتاری، رعب و دبدبہ، غیرت اور خودداری ایک ایسے معلم کی صفات تھیں جس نے اپنے پیشے کو محض ملازمت نہیں بلکہ عزت و وقار کا ذریعہ بنایا۔ ان کی شخصیت میں استاد کا وقار بھی تھا، منتظم کی بصیرت بھی اور ایک خوددار انسان کی شان بھی۔

آج سوچتا ہوں کہ شاید ہم میں سے بہت کم لوگ ان کے اس معیار اور اندازِ معلمی تک پہنچ پائیں گے۔

پھر ہماری وادی میں ریاضی کی حکمرانی قائم کرنے والے عبدالرشید خان مرحوم یاد آتے ہیں، جنہیں لوگ محبت سے ’’ریاضی والے رشید صاحب‘‘ کہتے تھے۔

ان کی زندگی کا ایک ہی اصول تھا: نہ کبھی کلاس چھوڑی، نہ ریاضی چھوڑی اور نہ ہی دورانِ تدریس کرسی کا سہارا لیا۔ ان کا اندازِ تدریس ایسا دلنشین اور مؤثر تھا کہ ان کے بولنے سے ہی طلبہ سمجھ جاتے اور ان کے تختۂ سیاہ پر لکھنے کے ساتھ ہی سیکھتے چلے جاتے۔

ریاضی جیسے مشکل مضمون کو انہوں نے اپنے اندازِ تدریس سے طلبہ کے لیے آسان، دلچسپ اور قابلِ فہم بنا دیا تھا۔ ان کی کلاس میں مضمون کا خوف نہیں بلکہ سیکھنے کا شوق پیدا ہوتا تھا۔

یہ تینوں شخصیات اپنے اپنے میدان میں ایک الگ شناخت رکھتی تھیں۔ کسی نے اسلامیات، عربی اور فارسی میں اپنی حکمرانی قائم کی، کسی نے اردو، انگریزی، فارسی اور انتظامی صلاحیتوں سے اپنی مثال قائم کی، اور کسی نے ریاضی جیسے مشکل مضمون کو اپنی تدریسی مہارت سے طلبہ کے لیے آسان بنا دیا۔

ان حضرات کو ان کے عہدوں، گریڈز یا انتظامی اختیارات نے عظیم نہیں بنایا، بلکہ ان کی تدریس، کردار، مستقل مزاجی اور شاگردوں کے دلوں میں قائم احترام نے انہیں معلمی کی معراج تک پہنچایا۔ آخر میں ایک سوال اپنے آپ سے!

آج ہمارے پاس بڑی بڑی ڈگریاں ہیں، جدید تعلیمی وسائل ہیں، انتظامی اختیارات ہیں، بڑے بڑے عہدے ہیں، لیکن کیا ہم اپنے مضامین میں وہ تدریسی حکمرانی قائم کر پا رہے ہیں جو ان اساتذہ نے قائم کی تھی؟

کیا ہمارا طالب علم ہمارے پڑھانے کے انداز کو برسوں بعد بھی یاد رکھے گا؟ کیا ہماری کلاس سے نکلنے والا طالب علم ہمارے علم، کردار اور محنت کا گواہ بنے گا؟ کیا ہماری ریٹائرمنٹ پر شاگرد اور رفقائے کار ہمیں اسی محبت اور احترام سے یاد کریں گے؟

شاید ہمیں اپنے اندر جھانکنے اور ان سوالات کے جواب تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

میرا خیال ہے کہ آج محکمہ تعلیم کو صرف اچھے منتظمین، اعلیٰ گریڈز اور ڈگری یافتہ افراد کی نہیں بلکہ ایسے Subject Masters،حقیقی معلمین کی ضرورت ہے جو اپنے مضمون پر عبور رکھتے ہوں، کلاس روم کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور شاگردوں کے ذہن و کردار پر مثبت نقوش چھوڑیں۔

کیونکہ عہدے ختم ہو جاتے ہیں، اختیارات واپس لے لیے جاتے ہیں، ملازمت کی مدت پوری ہو جاتی ہے، لیکن ایک سچے استاد کی تدریس، اس کا کردار اور اس کے شاگردوں کے دلوں میں اس کی جگہ کبھی ریٹائر نہیں ہوتی۔

سلام ان عظیم اساتذہ کو جنہوں نے ہمیں صرف مضامین نہیں پڑھائے بلکہ ہمیں استاد کی عظمت کا مفہوم بھی سمجھایا۔

ایک استاد کی اصل معراج اس وقت ہوتی ہے جب اس کے شاگرد اس کے جانے کے بعد بھی اس کے علم، کردار اور اندازِ تدریس کے اسیر رہیں۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں