تحریر : وحید مراد
آج پاکستان میں شاید ہی کوئی ایسا فرد ہو جو یہاں کے حکمرانوں سے خوش ہو۔ کسی کو ان کی سیاسی نااہلی سے شکایت ہے، کسی کو معاشی بدانتظامی سے، کسی کو سماجی انتشار اور اخلاقی زوال سے، کسی کو سائنسی و تکنیکی پسماندگی سے اور کسی کو خارجہ پالیسی اور عالمی سطح پر ہماری کمزور حیثیت سے۔ ریاستی اداروں کی فیصلہ سازی، قومی وسائل کی تقسیم، تعلیمی ترجیحات، صنعتی ترقی، قانون کی عمل داری اور عوامی فلاح کے معاملات میں ایسی کوتاہیاں دکھائی دیتی ہیں جنہوں نے ملک کو مسلسل بحرانوں میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ہم اپنے حکمرانوں کو موردِ الزام ٹھہراتے ہیں اور بجا طور پر ان سے جواب دہی کا مطالبہ بھی کرتے ہیں لیکن شاید ہی کبھی اس سوال پر غور کیا ہو کہ کیا ان خرابیوں کی جڑیں صرف آج کے حکمرانوں میں ہیں یا ہمارا پورا سیاسی اور سماجی نظام ایک طویل تاریخی عمل کے نتیجے میں اس مقام تک پہنچا ہے؟
بظاہر یوں محسوس ہوتا ہے کہ صدر، وزیراعظم، پارلیمنٹ، عدلیہ، کابینہ، سول بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ میں موجود خرابیاں گزشتہ دو چار دہائیوں میں پیدا ہوئیں اور اب ان کے اثرات وارڈ، یونین کونسل، محلے اور بازار سے لیکر ٹھیلے والے اور خاکروب کے رویوں تک پہنچ چکے ہیں۔ گویا چند بدعنوان اور نااہل حکمرانوں نے پورے معاشرے کو خراب کردیا ہے۔ لیکن یہ تصور تاریخی حقیقت کا صرف ایک رُخ ہے۔ معاشرتی رویے محض حکمرانوں کے احکامات سے تشکیل نہیں پاتے بلکہ سیاسی روایات، ادارہ جاتی ساخت، اجتماعی اقدار اور روزمرہ سماجی تعلقات کے باہمی تعامل سے جنم لیتے ہیں۔ جس معاشرے میں طاقت کو قانون سے بالاتر، تعلق کو اہلیت پر مقدم، ذاتی وفاداری کو اصول پر غالب اور اختیار کو جواب دہی سے آزاد سمجھا جائے وہاں یہ رویے صرف ایوانِ اقتدار تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے سماجی ڈھانچے میں سرایت کرجاتے ہیں۔
موجودہ سیاسی و معاشرتی ابتری کو صرف چند دہائیوں کی حکمرانی، چند سیاسی جماعتوں یا شخصیات کی بدعنوانی کا نتیجہ قرار دینا کافی نہیں۔ ہمیں اس تاریخی تسلسل کا جائزہ لینا ہوگا جس میں یہ سیاسی اور سماجی رویے تشکیل پاتے رہے۔ پاکستانی سیاست میں شخصیت مرکز اقتدار، جماعتوں کے اندر جمہوریت کی کمزوری، مشاورت سے گریز، سیاسی اختلاف پر عدم برداشت اور قیادت کو اداروں سے بالاتر سمجھنے کی روایات قیامِ پاکستان کے ابتدائی دور ہی میں نمایاں ہوگئی تھیں۔ ابتدائی قیادت کے بعض افراد بعد کے حکمرانوں کی نسبت زیادہ محتاط اور کسی حد تک اصولوں کے پابند ضرور تھے لیکن ان کے عہد میں قائم ہونے والی بعض سیاسی روایات میں ایسے بنیادی تضادات موجود تھے جنہیں بعد کے سیاسی رہنماؤں نے زیادہ پست صورتوں میں آگے بڑھایا۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ بعد کے تمام سیاسی انحرافات کی براہِ راست ذمہ داری ابتدائی قیادت پر عائد کردی جائے بلکہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اس دور کے بعض فیصلوں اور سیاسی طرزِ عمل نے شخصی اقتدار، غیر نمائندہ مداخلت اور ادارہ جاتی کمزوری کے لیے سازگار بنیاد فراہم کی۔
موجودہ حکمرانوں پر ہم الزام لگاتے ہیں کہ وہ انتخابات میں دھاندلی کرتے ہیں، عوامی رائے کا احترام نہیں کرتے، طاقت کے مراکز کی پشت پناہی سے اپنے پسندیدہ افراد کو منتخب کرواتے ہیں، اسمبلیوں اور سینیٹ کی نشستوں کے لیے دولت اور اثر و رسوخ استعمال ہوتا ہے اور قومی فیصلوں میں بیرونی طاقتوں کی رضامندی کو غیر معمولی اہمیت دی جاتی ہے۔ لیکن کیا یہ طرزِ سیاست صرف موجودہ دور کی پیداوار ہے؟ کیا ہم نے کبھی اپنی سیاسی تاریخ میں پیچھے مڑ کر دیکھا ہے؟ ہمیں تاریخی حقائق کی روشنی میں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ جن خرابیوں پر آج ہم احتجاج کرتے ہیں ان کی ابتدائی شکلیں کب اور کن حالات میں پیدا ہوئیں۔ بعد کے حکمرانوں نے ان میں سے بہت سی خرابیاں ایجاد نہیں کیں بلکہ پہلے سے موجود سیاسی روایات کو مزید مضبوط، پیچیدہ اور بے اصول بنایا۔ اس لیے موجودہ سیاسی بحران کو سمجھنے کے لیے صرف یہ دیکھنا کافی نہیں کہ آج اقتدار میں کون ہے؛ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اقتدار حاصل کرنے، اسے برقرار رکھنے اور استعمال کرنے کے جو طریقے آج معمول بن چکے ہیں وہ ہماری تاریخ میں کب اور کیسے رائج ہوئے۔
کسی فرد، جماعت، طبقے یا ادارے کو محض موردِ الزام ٹھہرانا مقصود نہیں ۔ ہم اپنی سیاسی تاریخ، قومی کردار، اجتماعی نفسیات، معاشرتی رویوں، تعلیمی نظام، معاشی ترجیحات اور تہذیبی روایت کا تنقیدی جائزہ لیں گے۔ یہ بھی دیکھیں گے کہ جن رویوں کو ہم حکمرانوں میں برا سمجھتے ہیں کیا ان کی کوئی صورت ہمارے اپنے روزمرہ طرزِ عمل میں بھی موجود ہے؟ کیا ہم اپنے لیے بھی وہی اصول چاہتے ہیں جن کا مطالبہ دوسروں سے کرتے ہیں؟ کیا ہم قانون کی بالادستی کے حامی ہیں یا صرف اس وقت تک جب تک قانون ہمارے مفاد میں ہو؟ کیا ہم جمہوریت چاہتے ہیں یا اپنی پسند کے رہنما کی غیر مشروط حکمرانی؟ کیا ہم اختلافِ رائے کو اجتماعی دانش کا ذریعہ سمجھتے ہیں یا اپنی ذات اور گروہ کے خلاف بغاوت؟
سیلف کرٹیکل تھنکنگ کا تصور یہی ہے کہ اپنی ذات، اپنی قوم، اپنے سماج اور اپنے ملک کو تنقیدی نگاہ سے دیکھا جائے۔ اس کا مقصد دوسروں کو نیچا دکھانا یا اپنی اجتماعی شناخت کو مجروح کرنا نہیں بلکہ اپنی فکری اور عملی کمزوریوں کو سمجھ کر اصلاح کی راہ تلاش کرنا ہے۔ دوسروں کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنی غلطیوں کو بھی اسی معیار پر پرکھنا ضروری ہے۔ریاست اور سماج ایک دوسرے سے الگ نہیں۔ حکمران بھی اسی معاشرے سے آتے ہیں اور ادارے بھی اسی اجتماعی سیاسی و اخلاقی ماحول میں تشکیل پاتے ہیں۔ اگر ہم اپنے سماج میں شخصی وفاداری، اقربا پروری، عدم برداشت، قانون شکنی، سفارش اور طاقت کے غیر اصولی استعمال کو معمول سمجھتے رہیں تو صرف حکمرانوں کی تبدیلی سے کوئی بنیادی تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔ ہم جن خرابیوں کا شکوہ اقتدار کے ایوانوں میں کرتے ہیں اگر انہی کی چھوٹی بڑی صورتیں ہمارے اپنے طرزِ عمل میں موجود ہیں تو ہمیں یہ ماننا ہوگا کہ مسئلہ صرف حکمرانوں کا نہیں بلکہ اس اجتماعی سیاسی و سماجی ذہنیت کا بھی ہے جس نے ان رویوں کو قبولیت اور تسلسل دیا ہے۔
اس سلسلے کا مقصد اپنی تاریخ اور سماج پر فردِ جرم عائد کرنا نہیں بلکہ ان عوامل کو سمجھنا ہے جنہوں نے ہمیں موجودہ مقام تک پہنچایا۔ ہم ماضی کو محض ملامت کے لیے نہیں دیکھیں گے بلکہ اس سے اپنے حال کی تفہیم اور مستقبل کی سمت متعین کرنے کی کوشش کریں گے۔ یہ سلسلہ دوسروں کے احتساب سے پہلے اپنے فکری رویوں، اجتماعی ترجیحات اور تاریخی کردار کو پرکھنے کی ایک کوشش ہے۔ کیونکہ جس قوم میں اپنی غلطیوں کو دیکھنے، انہیں تسلیم کرنے اور ان سے سیکھنے کا حوصلہ پیدا نہیں ہوتا وہ اپنی تاریخ سے سبق حاصل کرنے کے بجائے اسی تاریخ کو مختلف کرداروں کے ساتھ دہراتی رہتی ہے۔ اجتماعی اصلاح کا آغاز اسی وقت ہوتا ہے جب ہم یہ سوال دوسروں سے پہلے خود سے پوچھنے کے لیے تیار ہوں کہ اس صورتِ حال کی تشکیل میں ہمارا اپنا حصہ کیا ہے؟(جاری)