تحریر : راشد خان سواتی
بچپن سے ہی انسان کے اندر دو احساسات بیک وقت پرورش پاتے ہیں۔ ایک احساسِ تحفظ، جو اسے ماں کی صورت میں میسر ہوتا ہے، اور دوسرا ایک انجانا سا خوف کہ کہیں یہ سایۂ شفقت اس کے سر سے اٹھ نہ جائے۔ ان دونوں احساسات کے ساتھ ایک تیسرا احساس بھی جنم لیتا ہے، اور وہ احساسِ برتری ہے کہ دنیا کی سب سے اچھی ماں شاید مجھے ہی ملی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے مجھے بھی اس عظیم نعمت سے نوازا اور ماں جیسی بے مثال محبت، ممتا اور ایثار میرے حصے میں آئے۔
ماں کی گود میں کھیلنے سے لے کر اس کی لوری سنتے ہوئے اس کی مخصوص خوشبو میں نیند کی آغوش میں جانے تک، اپنے ہاتھوں سے کھلائے گئے نوالوں سے لے کر بیماری میں اس کے ہاتھوں کے لمس تک، اور ہماری خوشیوں و پریشانیوں کو ہمارے بتائے بغیر محسوس کر لینے تک، ماں سرتاپا محبت ہی محبت ہے۔
مجھے آج بھی یاد ہے کہ بچپن میں جب سکول میں داخلے کے انٹری ٹیسٹ میں ناکامی ہوئی تو اپنی والدہ محترمہ، جنہیں ہم پیار سے ’’بی بی‘‘ کہتے ہیں، کی آنکھوں میں غصے، پریشانی اور مایوسی کے ملے جلے تاثرات دیکھے۔ اس دن دل میں ایک عزم پیدا ہوا کہ زندگی میں ہمیشہ اپنی کامیابیوں کے ذریعے ان کی اس پریشانی کو خوشی میں بدلنے کی کوشش کروں گا۔ مگر وقت گزرنے کے ساتھ احساس ہوا کہ مجھے شاید اس پریشانی کا ازالہ کرنے کا موقع ہی نہیں ملا، کیونکہ میری خوشیوں کی آبیاری تو انہوں نے پہلے ہی اپنے احساس، محبت اور ایثار سے کر دی تھی۔
بچپن اور لڑکپن کے وہ دن بھی یاد آتے ہیں جب لکڑیوں کا بوجھ ہو، گھر کا سودا سلف ہو یا کوئی اور ذمہ داری، اگر مجھ سے اپنی استطاعت سے زیادہ بوجھ نہ اٹھایا جاتا تو بی بی خود میری مدد کے لیے پہنچ جاتیں۔ گھر واپسی میں دیر ہو جاتی تو ہاتھ میں روشنی لیے میرا انتظار کر رہی ہوتیں۔ مسجد اور سکول آنے جانے کے اوقات، میری پسند کی خوراک، میری چھوٹی چھوٹی ضرورتیں، ہر چیز ان کے حافظے اور احساس میں محفوظ تھی۔
زندگی کے مختلف مراحل میں جب بھی مشکلات اور مصائب نے گھیرنے کی کوشش کی، ماں ہمیشہ ڈھارس، دعا اور تحفظ بن کر سامنے آئیں۔ اللہ کے فضل سے آج بھی جہاں کہیں کوئی مشکل درپیش ہو، بی بی کی ایک کال، ایک دعا اور چند حوصلہ افزا الفاظ جیسے مشکل کو آسان کر دیتے ہیں۔
ماں کے ایثار کی ایک تصویر آج بھی ذہن میں محفوظ ہے۔ جب میری چھوٹی بہن شدید بیمار ہوئی تو بی بی نے اسے اپنا خون دیا۔ اس موقع پر جب کسی نے میری والدہ سے کہا کہ آپ کی اپنی بھی چھوٹی چھوٹی بیٹیاں ہیں، آپ نے اس کے لیے اپنا خون کیوں دیا، تو ان کا جواب ماں کی محبت اور ایثار کی پوری داستان اپنے اندر سموئے ہوئے تھا۔ ماں کے لیے اولاد کی تکلیف کے سامنے اپنی ذات کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔
ایک اور واقعہ عمرے کے سفر کا ہے۔ میں نے والدہ اور خاندان کے ساتھ عمرے کا پروگرام بنایا، لیکن وہاں بھی بی بی نے اپنے ایثار کی ایک نئی مثال قائم کر دی۔ اپنے حصے کے پیسے میری بچیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ میں تو اگلی مرتبہ بھی چلی جاؤں گی، اس مرتبہ انہیں لے جاؤ۔ یہ ماں ہی تو ہے جو اپنی خواہش کو اولاد کی خوشی پر قربان کر دیتی ہے، اور پھر اسی قربانی میں اپنی خوشی تلاش کرتی ہے۔
مدینہ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کے دوران ایک اور ایسا لمحہ آیا جس نے میرے احساسات کو نئی جہت عطا کی۔ جب میری بچیوں کے لیے ریاض الجنہ میں حاضری کا پرمٹ نہیں مل رہا تھا تو والدہ کے ایثار اور محبت بھرے احساس کے وسیلے سے دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ نے کرم فرمایا اور دعا قبول ہوئی۔ اس لمحے ایک بار پھر دل نے کہا کہ واقعی میری ماں ہی سب سے اچھی ماں ہے۔
لیکن اسی سفر میں مجھے ایک اور احساس سے بھی آشنائی ہوئی، جو شاید ماں کی محبت سے بھی زیادہ گہرا اور روح کو سرشار کر دینے والا تھا۔
وہ احساس تھا رسول اللہ ﷺ کے شہر میں حاضری کا، دیارِ رسول ﷺ کی فضاؤں میں سانس لینے کا، اور روضۂ اقدس سے جدائی کے تصور کا۔ ایک طرف ماں سے جدائی کا وہ بچپن کا خوف تھا جو آج تک دل میں کہیں موجود ہے، اور دوسری طرف شہرِ نبی ﷺ سے واپسی کا ایک ایسا درد تھا جسے الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں۔
اس لمحے مجھے محسوس ہوا کہ ماں کی نعمت اپنی جگہ بے مثال ہے، لیکن عشقِ رسول ﷺ کی سرشاری ایک الگ ہی کیفیت ہے۔ ماں میری ہے، اس کی محبت میری زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ ہے، مگر رسول اللہ ﷺ میرے آقا ہیں، میں ان کا امتی ہوں، اور یہی نسبت میرے لیے دنیا کی سب سے بڑی سعادت ہے۔
شاید انسان کی خوش نصیبی کا ایک خوبصورت پہلو یہی ہے کہ اسے ماں کی محبت بھی نصیب ہو اور رسول اللہ ﷺ کی غلامی اور امتی ہونے کا شرف بھی۔
اب زندگی کی بس یہی آرزو ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ محبتیں، یہ نسبتیں، یہ روحانی سرشاری اور یہ احساسِ سعادت ہمیشہ قائم رکھے۔ ماں کا سایہ سلامت رہے، ان کی دعاؤں کا حصار قائم رہے، اور عشقِ رسول ﷺ کی یہ کیفیت کبھی دل سے جدا نہ ہو۔
اور دعا ہے کہ جس سرشاری، محبت اور روحانی کیف کے چند لمحات دیارِ رسول ﷺ میں نصیب ہوئے، روزِ آخرت بھی اللہ تعالیٰ اپنے محبوب ﷺ کی شفاعت، قرب اور دیدار کی سعادت عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین
ماں کی محبت نے مجھے جینا سکھایا، اور عشقِ رسول ﷺ نے مجھے اپنی زندگی کی سب سے بڑی نسبت اور خوش نصیبی کا احساس عطا کیا۔