Skip to content

مال بٹورو ماڈل سے قومی ترقی کے ماڈل تک: پاکستان میں حکمرانی، کرپشن اور عوامی اعتماد کی ازسرنو تشکیل

شیئر

شیئر

تحریر : شیر افضل گوجر

پاکستان میں ان دنوں سسٹم کولیپس (System Collapse) کی بحث زوروں پر ہے۔ کوئی معاشی نظام کے انہدام کی بات کر رہا ہے،کوئی چار صوبوں کو مسائل کی وجہ قرار دے رہا ہے، کوئی سیاسی عدم استحکام کو ریاست کے لیے خطرہ قرار دے رہا ہے، کوئی اداروں کی کمزوری کا نوحہ پڑھ رہا ہے اور کوئی موجودہ طرز حکمرانی کو بحران کی بنیادی وجہ سمجھتا ہے۔ لیکن ان تمام مباحث کے درمیان ایک بنیادی سوال تقریباً نظرانداز ہو رہا ہے:
کیا پاکستان کا اصل مسئلہ نظام کا موجودہ ڈھانچہ ہے یا اس ڈھانچے کے اندر کام کرنے والی وہ طرزِ فکر اور ادارہ جاتی رویہ ہے جس نے ریاستی وسائل کو قومی ترقی کے بجائے ذاتی، گروہی اور ادارہ جاتی مفادات کی تقسیم کا ذریعہ بنا دیا ہے؟

میرا خیال ہے کہ پاکستان کے بحران کو سمجھنے کے لیے ہمیں ایک بنیادی تصور پر گفتگو کرنا ہوگی، صوبائی اور وفاقی محکموں، سرکاری اداروں، خودمختار اتھارٹیز اور ریاستی وسائل پر اختیار رکھنے والے تمام طبقات کو ’’مال بٹورو ماڈل‘‘ سے نکال کر ’’ملکی ترقی کے ماڈل‘‘ کی طرف منتقل کرنا ہوگا۔

یہ محض مالیاتی یا انتظامی اصلاحات کا معاملہ نہیں، بلکہ ریاست کے فلسفۂ وجود، حکمرانی کی اخلاقیات اور شہری و ریاستی تعلق کی ازسرنو تشکیل کا سوال ہے۔

ریاست عوام کی خدمت کے لیے ہے یا وسائل کی تقسیم کے لیے؟

ریاست کا بنیادی جواز یہ ہے کہ وہ اجتماعی وسائل کو منظم کرے، شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے، انصاف فراہم کرے، معاشی مواقع پیدا کرے اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھے۔کیا ان میں سے کوئی ایک زمہ داری بھی جوابدہی کے ساتھ پوری ہورہی ہے؟ ریاستی ادارے دراصل عوام کے اجتماعی اختیار اور وسائل کے محافظ ہوتے ہیں، ان کے مالک نہیں۔

لیکن جب کسی معاشرے میں ریاستی ادارے اپنی کامیابی کو عوامی سہولت، معیارِ زندگی، تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی ترقی کے بجائے اپنے بجٹ، اختیارات،طاقت مراعات، منصوبوں اور مالیاتی وسائل کے حجم سے ناپنے لگیں تو ریاست کا مقصد تبدیل ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

یہیں سے ’’مال بٹورو ماڈل‘‘ جنم لیتا ہے۔

اس ماڈل میں سرکاری بجٹ ایک ترقیاتی سرمایہ نہیں بلکہ تقسیم ہونے والا مال بن جاتا ہے۔ منصوبہ اس لیے اہم نہیں ہوتا کہ اس سے کتنے لوگوں کی زندگی بہتر ہوگی، بلکہ اس لیے اہم ہو جاتا ہے کہ اس کے ذریعے کتنے مالی مفادات پیدا ہوں گے۔ محکمے اپنی کارکردگی سے زیادہ اپنے بجٹ اور اختیارات کے تحفظ میں دلچسپی لیتے ہیں۔ منصوبوں کی ترجیحات عوامی ضرورت کے بجائے انتظامی، سیاسی یا گروہی اثرورسوخ کے تحت طے ہونے لگتی ہیں۔

اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر سرکاری افسر، ہر ادارہ یا ہر منصوبہ اس رویے کا حصہ ہے۔ اصل مسئلہ وہ ادارہ جاتی ترغیبات ہیں جو بعض اوقات دیانت دار افراد کو بھی ایک غیر مؤثر اور غیر شفاف نظام میں کام کرنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔

نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بجٹ خرچ ہو جاتا ہے، منصوبے مکمل دکھائی دیتے ہیں، فائلیں آگے بڑھ جاتی ہیں، ٹھیکے تقسیم ہو جاتے ہیں، لیکن عام شہری کی زندگی میں مطلوبہ تبدیلی اور سہولت نہیں آتی۔

پاکستان میں کرپشن پر گفتگو عموماً رشوت، کمیشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور مالی بے ضابطگیوں تک محدود رہتی ہے۔ لیکن کرپشن کا ایک زیادہ گہرا پہلو بھی ہے،وہ ہے عوامی وسائل کو ان مقاصد کے لیے استعمال کرنا جن کے لیے وہ مختص ہی نہیں کیے گئے تھے۔

مثلاً کسی علاقے میں صاف پانی کی ضرورت ہو لیکن وہاں ترجیح ایسے منصوبے کو دی جائے جس کا عوامی فائدہ محدود ہو؛ کسی اسکول میں اساتذہ اور بنیادی سہولیات کی کمی ہو لیکن نئے نمائشی منصوبوں پر سرمایہ خرچ کیا جائے، کسی اسپتال میں ادویات اور عملے کی کمی ہو لیکن انتظامی اخراجات میں اضافہ ہوتا رہے۔

یہاں سوال صرف یہ نہیں کہ کسی نے سرکاری خزانے سے رقم چرائی یا نہیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ کیا ریاست نے عوام کے پیسے کا بہترین ممکنہ استعمال کیا؟

اسی لیے کرپشن کا مقابلہ صرف احتسابی اداروں کے ذریعے نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے لیے بجٹ سازی، منصوبہ بندی، خریداری، بھرتیوں، نگرانی اور خدمات کی فراہمی کے پورے نظام کو شفاف اور جوابدہ بنانا ہوگا۔

نومبر 2025 میں شائع ہونے والی آئی ایم ایف کی پاکستان گورننس اینڈ کرپشن ڈائیگناسٹک رپورٹ نے بھی پیچیدہ ٹیکس نظام، کمزور پبلک فنانشل مینجمنٹ، سرکاری خریداری میں شفافیت کی کمی، ریاستی اداروں کی نگرانی کے مسائل، کمزور احتساب اور قانون کی عملداری میں رکاوٹوں کو اہم ساختی مسائل قرار دیا۔ یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ مسئلہ محض چند بدعنوان افراد کا نہیں بلکہ ادارہ جاتی نظام کی اصلاح کا بھی ہے۔

ریاستی محکموں کی بنیادی زمہ داری بجٹ خرچ کرنا ہے یا نتائج کے حامل ترقیاتی اقدامات؟

پاکستان کے وفاقی اور صوبائی محکموں کو اپنی کامیابی کی تعریف تبدیل کرنا ہوگی۔

محکمہ تعلیم کی کامیابی اس کے سالانہ بجٹ کے حجم سے نہیں بلکہ اس بات سے ناپی جانی چاہیے کہ کتنے بچے معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں، کتنے بچے اسکول سے باہر نہیں رہے اور طلبہ کی سیکھنے کی صلاحیت میں کتنی بہتری آئی۔

محکمہ صحت کی کارکردگی عمارتوں اور مشینری کی تعداد سے نہیں بلکہ بیماریوں کی روک تھام، علاج کی دستیابی، زچہ و بچہ کی صحت اور اموات میں کمی سے جانچی جانی چاہیے۔

محکمہ مواصلات کی کامیابی سڑکوں کی لمبائی سے زیادہ ان کے معیار، پائیداری، محفوظ سفر اور مقامی معیشت پر اثرات سے وابستہ ہونی چاہیے۔
کسی صوبائی اور وفاقی سطح کے جرائم کی روک تھام کے ادارے کامیابی یہ نہیں کہ کل کتنی ایف آئی آرز یا مقدمات درج ہوئے بلکہ کرائم میں کتنی کمی آئی؟ شہریوں کو تحفظ کا کتنا احساس ہے اور جرم کرنے والے کتنے اصلی مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا؟پاکستان میں اب جرم ایک دھندہ اور ایک بزنس ماڈل ہے اور زمہ دار ادارے مجرم کے جرم کے بجائے اس کو ایک مرغے کی نظر سے دیکھتے ہیں اگر وہ وہ سونے کا انڈہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے تو پھر مجرم کو باقاعدہ قانونی کنسلٹنسی بھی فراہم کی جاتی ہے اور مکمل سرپرستی بھی۔۔طاقتور اداروں کے زمہ دار اہلکاروں کی لوٹ مار،کرپشن،نا انصافیوں اور مال بٹورنے کی سینکڑوں کہانیاں زبان زدِ عام ہیں۔۔۔

اسی طرح زراعت، صنعت، ماحولیات، بلدیات، آبپاشی اور دیگر تمام محکموں کے لیے بھی واضح اور قابلِ پیمائش ترقیاتی اہداف مقرر ہونے چاہییں۔

یہی وہ بنیادی تبدیلی ہے جو مال بٹورو ماڈل کو ترقیاتی ماڈل میں تبدیل کر سکتی ہے۔

پاکستان کے لیے ایک نیا گورننس ماڈل

پاکستان کو ایک ایسے گورننس ماڈل کی ضرورت ہے جس کی بنیاد پانچ اصولوں پر ہو: شفافیت، نتائج پر مبنی انتظام، مقامی اختیار، آزادانہ احتساب اور عوامی شراکت داری۔

1۔ بجٹ نہیں، عوامی نتائج بنیادی ترجیح ہوں۔

وفاقی اور صوبائی بجٹ کی تیاری میں ہر محکمے کو یہ بتانا چاہیے کہ اسے مختص کیے جانے والے وسائل سے عوام کو کیا قابلِ پیمائش فائدہ پہنچے گا۔

ہر بڑے ترقیاتی منصوبے کے ساتھ ایک عوامی نتائج کا فریم ورک منسلک ہو جس میں اہداف، مدت، لاگت، مستفید ہونے والی آبادی اور متوقع نتائج واضح ہوں۔

سالانہ بجٹ کے ساتھ سالانہ پرفارمنس رپورٹ بھی شائع کی جائے، تاکہ شہری دیکھ سکیں کہ کتنے وسائل خرچ ہوئے اور اس کے نتیجے میں ان کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی۔

2۔ ہر سرکاری منصوبے کا عوامی حساب

ایک قومی ڈیجیٹل پبلک ایکسپینڈیچر اینڈ ڈیولپمنٹ پورٹل قائم کیا جائے، جہاں وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح کے تمام اہم ترقیاتی منصوبوں کی معلومات دستیاب ہوں۔

اس میں منصوبے کا نام، مختص رقم، ٹھیکیدار، ٹینڈر، معاہدہ، ادائیگیاں، تکمیل کی مدت، پیش رفت اور آزادانہ آڈٹ کی رپورٹ شامل ہو۔

عوام کو یہ جاننے کا حق ہونا چاہیے کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ کہاں، کس کے ذریعے اور کس مقصد کے لیے خرچ ہو رہا ہے۔

3۔ مقامی حکومتوں کو حقیقی اختیار اور وسائل

پاکستان میں ترقیاتی منصوبہ بندی کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ فیصلے اکثر ان مقامات پر کیے جاتے ہیں جہاں مقامی آبادی کی ضروریات اور ترجیحات سے براہِ راست آگاہی محدود ہوتی ہے۔

اس کا حل بااختیار بلدیاتی نظام ہے۔

آئین کے آرٹیکل 140-A کی روح کے مطابق منتخب مقامی حکومتوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کیے جائیں۔ویلج/ یونین کونسل، تحصیل اور ضلع کو اپنے علاقوں کی ترقیاتی ترجیحات طے کرنے، وسائل مختص کرنے اور خدمات کی نگرانی کا اختیار حاصل ہو۔

مقامی حکومتیں گزشتہ خیبر پختونخوا کی حکومت کی طرح صرف نمائشی ادارے نہ ہوں بلکہ عوام اور ریاست کے درمیان حقیقی رابطے کا ذریعہ بنیں۔

4۔ احتساب کا نظام سیاسی نہیں، ادارہ جاتی ہو

پاکستان میں احتساب کے حوالے سے ایک اہم سوال اس کی غیر جانب داری اور تسلسل کا ہے۔

احتساب کا ایسا نظام درکار ہے جس میں کسی فرد یا ادارے کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے اور کسی فرد کو محض سیاسی، انتظامی یا ذاتی اختلاف کی بنیاد پر نشانہ بھی نہ بنایا جا سکے۔

اس مقصد کے لیے آڈٹ کے اداروں کی آزادی، پارلیمانی نگرانی، مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قوانین، اثاثوں کے شفاف اعلانات، محفوظ وہسل بلوئر نظام اور عوامی معلومات تک رسائی کے قوانین پر مؤثر عملدرآمد ضروری ہے۔

احتساب کا مقصد صرف سزا دینا نہیں بلکہ بدعنوانی کے مواقع ختم کرنا اور اداروں میں دیانت دارانہ طرزِ عمل کو فروغ دینا ہونا چاہیے۔

5۔ عوام کو ترقیاتی عمل کا شریک بنانا

یہ شاید سب سے اہم نکتہ ہے۔ریاستی منصوبہ بندی میں عوام کو صرف ووٹ دینے، ٹیکس ادا کرنے یا سرکاری خدمات حاصل کرنے والا فریق سمجھنے کے بجائے ترقیاتی عمل کا شریک بنانا ہوگا۔

ہر ضلع اور تحصیل میں عوامی ترقیاتی فورمز قائم کیے جائیں جہاں شہری، منتخب نمائندے، مقامی حکومتیں، کاروباری طبقہ، تعلیمی ادارے، خواتین، نوجوان اور سول سوسائٹی کے نمائندے مل کر مقامی ضروریات کی نشاندہی کریں۔

ہر بڑے منصوبے کی منظوری سے پہلے عوامی مشاورت، تکمیل کے دوران سماجی نگرانی اور تکمیل کے بعد عوامی جائزے کا طریقہ اپنایا جائے۔

جب کسی گاؤں کے لوگ خود طے کریں گے کہ ان کے لیے پہلے پانی ضروری ہے، اسکول، سڑک یا صحت مرکز، تو ترقیاتی ترجیحات زیادہ حقیقت پسندانہ اور جوابدہ ہوں گی۔

پاکستان کے وفاقی نظام میں 18ویں آئینی ترمیم اور ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ نے صوبوں کو اختیارات اور وسائل کی منتقلی کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی متعارف کرائی تھی۔ تاہم وفاق، صوبوں اور مقامی حکومتوں کے درمیان مالیاتی ذمہ داریوں، وسائل کی تقسیم اور خدمات کی فراہمی میں اب بھی کئی ساختی مسائل موجود ہیں۔

ورلڈ بینک کی جولائی 2026 میں شائع ہونے والی پاکستان میں Fiscal Federalism سے متعلق رپورٹ نے بھی وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کے درمیان وسائل کی تقسیم، مالیاتی نظم و ضبط اور خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کی ضرورت اجاگر کی ہے۔

اب ضرورت اس بات کی ہے کہ وسائل کی تقسیم محض ادارہ جاتی طاقت یا سیاسی اثرورسوخ کی بنیاد پر نہ ہو بلکہ آبادی، غربت، پسماندگی، بنیادی سہولیات کی کمی، جغرافیائی مشکلات اور ترقیاتی ضروریات کو سامنے رکھ کر کی جائے۔

مثلاً ہزارہ ڈویژن کے کسی پہاڑی علاقے، جنوبی خیبر پختونخوا کے کسی پسماندہ ضلع یا سندھ کے کسی دور افتادہ دیہی علاقے کی ترقیاتی ضروریات ایک جیسی نہیں ہو سکتیں۔ لہٰذا یکساں مالیاتی تقسیم کے بجائے منصفانہ اور ضرورت پر مبنی تقسیم کا اصول اپنانا ہوگا۔

یہی حقیقی وفاقیت ہے، وسائل اور اختیارات کی ایسی تقسیم جو ہر شہری کو مساوی مواقع فراہم کرے۔

عوام ریاست سے لاتعلق کیوں ہو رہے ہیں؟

جب شہری دیکھتا ہے کہ اس کے مسائل برسوں سے حل نہیں ہو رہے، سرکاری دفاتر میں اس کی شنوائی نہیں ہوتی،شریف اور جرائم پیشہ شہریوں کو ایک ہی ڈنڈے سے ہانکا جا رہا ہے، ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اسے معلومات حاصل نہیں اور اس کے ٹیکس کے استعمال کا کوئی واضح حساب موجود نہیں،ریاست کے اختیارات کو بطور اہلکار اپنے زاتی مفادات کے لیے استعمال کر رہے ہیں تو اس کا ریاستی نظام پر اعتماد کم ہونے لگتا ہے۔

یہ عدم اعتماد وقت کے ساتھ لاتعلقی میں تبدیل ہوتا ہے۔ شہری سمجھنے لگتا ہے کہ ریاستی معاملات اس کے اختیار سے باہر ہیں، ترقیاتی فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں اور اس کا کردار صرف انتخابی عمل تک محدود ہے۔

یہی وہ مقام ہے جہاں ریاست اور معاشرے کے درمیان سماجی معاہدہ کمزور ہونے لگتا ہے۔

اعتماد تقریروں سے نہیں بلکہ مسلسل اور قابلِ مشاہدہ نتائج سے پیدا ہوتا ہے۔ جب شہری دیکھے گا کہ اس کی شکایت کا ازالہ ہوا، اس کے گاؤں میں اسکول بہتر ہوا، اسپتال میں ادویات دستیاب ہوئیں،کرپشن پر زمہ داروں کے خلاف کاروائی ہوئی ، منصوبے کی لاگت اور ٹھیکیدار کی معلومات عوام کے سامنے ہیں اور اس کی رائے فیصلوں پر اثرانداز ہو رہی ہے تو وہ ریاستی عمل سے دوبارہ جڑنا شروع کرے گا۔
پاکستان کو ایک نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے جس میں ریاست اور شہری دونوں کی ذمہ داریاں واضح ہوں۔

ریاست شہریوں کو انصاف،جان و مال کا تحفظ، بنیادی سہولیات، شفاف انتظامیہ اور مساوی مواقع فراہم کرنے کی پابند ہو، جبکہ شہری قانون کی پاسداری، ٹیکس کی ادائیگی، سماجی ذمہ داری اور اجتماعی ترقی میں شرکت کو اپنا فرض سمجھیں۔

اس معاہدے میں نجی شعبے، جامعات، میڈیا، سول سوسائٹی اور مقامی کمیونٹیز کا کردار بھی واضح ہونا چاہیے۔

جامعات مقامی ترقی کے لیے تحقیق اور ڈیٹا فراہم کریں، میڈیا سرکاری کارکردگی کی آزادانہ نگرانی کرے، سول سوسائٹی سماجی احتساب اور شہری شمولیت کو فروغ دے، نجی شعبہ روزگار اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے اور مقامی کمیونٹیز اپنی ترقیاتی ترجیحات کے تعین میں شریک ہوں۔

اس طرح ترقی حکومت کا یک طرفہ منصوبہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کا مشترکہ عمل بن سکتی ہے۔

نظام کون بدلے گا؟

یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا وہی نظام اپنے اندر ایسی تبدیلی پیدا کر سکتا ہے جس سے اس کے موجودہ مراعاتی ڈھانچے متاثر ہوتے ہوں؟

اس کا جواب آسان نہیں لیکن تاریخی شواہد بتاتے ہیں کہ ادارہ جاتی تبدیلی صرف قانون سازی سے نہیں آتی، اس کے لیے سیاسی عزم، شہری دباؤ، انتظامی اصلاحات، آزاد میڈیا، مؤثر نگرانی اور مسلسل عوامی شرکت درکار ہوتی ہے۔

پاکستان کو شاید کسی نئے نظام کے اعلان سے زیادہ موجودہ ریاستی اداروں کے مقاصد، ترجیحات اور کارکردگی کی تعریف تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

ہمیں ایسے سرکاری افسران چاہییں جو بجٹ خرچ کرنے کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے پر فخر کریں۔ ایسے سیاسی نمائندے چاہییں جو منصوبوں کی تعداد کے بجائے عوام کی زندگی میں آنے والی بہتری سے اپنی کارکردگی ثابت کریں۔ ایسے ادارے چاہییں جو اپنے اختیارات کو مراعات نہیں اور لوٹ مار کا زریعہ نہیں بلکہ عوامی امانت سمجھیں۔ اور ایسے شہری چاہییں جو ریاست کو کسی دوسرے کی ملکیت سمجھنے کے بجائے اپنی اجتماعی ذمہ داری تصور کریں۔

اصل سوال یہ نہیں کہ پاکستان کا سسٹم کولیپس ہوگا یا نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم اپنے ریاستی نظام کو مال بٹورو ماڈل سے نکال کر عوامی ترقی، منصفانہ وسائل کی تقسیم، ادارہ جاتی دیانت اور اجتماعی خوشحالی کے ماڈل میں تبدیل کرنے کے لیے تیار ہیں؟

کیونکہ ریاستیں صرف اس وقت کمزور نہیں ہوتیں جب ان کے خزانے خالی ہو جائیں، بلکہ اس وقت بھی کمزور ہوتی ہیں جب جوابدہی کا نظام کمزور ہو،طاقتور من مانی کرے، ان کے وسائل موجود ہوں لیکن ان سے عوام کی زندگی میں بہتری پیدا نہ ہو۔

پاکستان کو ایک ایسی ریاست بننا ہوگا جہاں سرکاری بجٹ کسی محکمے اور سرکاری اہلکار کا حق نہیں بلکہ عوام کی امانت ہو، ترقیاتی منصوبہ کسی سیاسی یا انتظامی گروہ کی کامیابی نہیں بلکہ اجتماعی ضرورت کا جواب ہو اور اقتدار وسائل تقسیم کرنے کا اختیار نہیں بلکہ عوام کی خدمت کی ذمہ داری ہو۔

مال بٹورو ماڈل میں ریاست کے وسائل طاقتور طبقات کو مضبوط کرتے ہیں؛ ترقی کے ماڈل میں یہی وسائل عام شہری کو بااختیار بناتے ہیں۔ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ دراصل ان دونوں میں سے کسی ایک راستے کے انتخاب سے ہوگا

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں