Skip to content

مانسہرہ میں دوہرے قتل کا معمہ حل، تین ملزمان گرفتار

شیئر

شیئر

مانسہرہ: پولیس نے تھانہ سٹی اور تھانہ صدر کی حدود میں پیش آنے والے دو الگ الگ قتل کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ 6 اکتوبر 2026 کو کھڑیاں سفیدہ میں گلنواز ولد گوہر رحمان کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، جبکہ اسی روز تھانہ صدر کی حدود میں چکیاء تتورے بائی پاس کے قریب مسماۃ (س) کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں مقتول گلنواز اور مسماۃ (س) کے درمیان مبینہ تعلقات کا انکشاف ہوا، جس پر دونوں خاندانوں کے درمیان جرگے بھی ہوچکے تھے۔

ڈی پی او کے مطابق پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں اور دستیاب شواہد کی مدد سے دونوں واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں مقتولین کے قریبی رشتہ داروں کو ٹریس کیا۔

پولیس نے گلنواز کے قتل کے الزام میں اس کے بھائی امجد ولد گوہر رحمان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد کیا۔ اسی طرح مسماۃ (س) کے قتل کے الزام میں اس کے بھائی عابد ولد ممتاز اور امجد ولد ممتاز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھی پستول برآمد کیا گیا۔

ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس کے مطابق دونوں مقدمات میں مزید تفتیش اور شواہد جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں