Skip to content

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا

شیئر

شیئر

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے بعد پاکستان کو مجموعی طور پر 1.21 ارب ڈالر کی فنڈنگ ملنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ رقم کے اجرا کے لیے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری درکار ہوگی۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے ساتھ موجودہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (EFF) پروگرام کے جائزے اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) کے جائزے پر مذاکرات ہوئے۔

فنڈ کے مطابق پاکستان نے معاشی اہداف کے حصول کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے اور پروگرام کے تحت معاشی استحکام کی جانب پیش رفت ہوئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق مشکل بیرونی حالات کے باوجود پاکستان کی معاشی کارکردگی بہتر رہی، جبکہ حکومت نے تیل کی فراہمی سے متعلق بحران سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کیے۔

آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی جی ڈی پی شرح نمو 4 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال یہ شرح 3.6 فیصد تھی۔ مہنگائی کی شرح میں بھی کمی ہوئی اور وہ اسٹیٹ بینک کے مقررہ ہدف کی جانب بڑھ رہی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے صحت اور تعلیم کے لیے اخراجات بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے تقریباً 2 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

موسمیاتی تبدیلی سے متعلق فنانسنگ پروگرام کے تحت پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر فراہم کیے جانے کی بھی توقع ہے۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ نجکاری پروگرام کو تیز کرنے کے ساتھ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی اور گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں