مانسہرہ: مانسہرہ میں ایک خاتون اور مرد کے دوہرے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، جس پر تھانہ سٹی اور تھانہ صدر پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق ضلع بٹگرام سے تھا اور دونوں اس وقت کھڑیاں سفیدہ میں رہائش پذیر تھے۔ مقتولین کی شناخت گلنواز اور سمیرا کے نام سے ہوئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ سمیرا کے لاپتا ہونے کی رپورٹ ایک ماہ قبل تھانہ سٹی میں درج کرائی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ گلنواز کے ساتھ گئی تھی اور بعد میں اسے واپس بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان جرگوں کا سلسلہ جاری تھا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز دونوں کو قتل کردیا گیا۔ خاتون کی لاش تھانہ صدر جبکہ مرد کی لاش تھانہ سٹی کی حدود سے برآمد ہوئی۔
ایف آئی آر کے متن میں قتل کی وجہ مبینہ طور پر غیرت کا معاملہ بیان کیا گیا ہے، جبکہ مقتولہ کے بھائی کو دونوں قتلوں کے مقدمات میں مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
تھانہ سٹی پولیس نے علت نمبر 321 کے تحت دفعات 302 اور 311، جبکہ تھانہ صدر پولیس نے علت نمبر 581 کے تحت دفعات 302 اور 311 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔
