اسلام آباد: انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے، جس کے بعد تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے والوں پر جرمانوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے ملک میں لیٹ فائلر کیٹیگری ختم کی جا رہی ہے، جبکہ تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے پر جرمانہ ایک ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے تک کیے جانے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیٹ فائلر اے او پی کے لیے جرمانہ 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے، جبکہ کمپنیوں کے لیے 20 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے اور ٹیکس ریٹرنز کے ساتھ متعلقہ دستاویزی ثبوت بھی فراہم کیے جائیں۔
ترجمان کے مطابق اثاثوں سے متعلق معلومات چھپانے یا غلط تفصیلات فراہم کرنے پر کارروائی کی جا سکتی ہے، جبکہ واجب الادا رقم کی وصولی کے لیے بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر ذرائع بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
