ناران
اسسٹنٹ کمشنر بفہ پکھل نے ناران بازار میں مختلف کاروباری مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔ اس کارروائی میں ہوٹلز، ریسٹورینٹس، پھل فروشوں، جنرل اسٹورز اور میڈیکل اسٹورز شامل تھے۔ معائنہ کا مقصد عوام کو فراہم کی جانے والی اشیاء کے معیار، صفائی ستھرائی، نرخناموں کی دستیابی اور ادویات کی قانونی حیثیت کو یقینی بنانا تھا۔
کارروائی کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، زائد المعیاد اشیاء کی فروخت، نرخناموں کی عدم دستیابی، اور لائسنس کے بغیر ادویات کی فروخت پر متعدد دکانداروں کو جرمانے کیے گئے۔ ساتھ ہی کئی کاروباری حضرات کو وارننگز جاری کی گئیں اور آئندہ سخت کارروائی سے خبردار بھی کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور قانونی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ قواعد و ضوابط کی پابندی کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔