مانسہرہ: تھانہ گڑھی حبیب اللہ کی حدود میں 10 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کے الزام میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق درگہ کٹھہ کے رہائشی شخص نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کی 10 سالہ بہن گھر سے اشیا خریدنے کے لیے گڑھی بازار گئی تھی۔ شام تقریباً 6 بج کر 20 منٹ پر قبرستان ڈاک بنگلہ، درگہ کٹھہ کے قریب ایک شخص نے مبینہ طور پر اس کا پیچھا کیا اور ہاتھ پکڑ کر اسے زبردستی قبرستان کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق ملزم نے بچی کو مختلف طریقوں سے بہلانے اور غبارے دلانے کا لالچ دینے کی کوشش کی، تاہم بچی نے شور مچا دیا، جس پر اس کا بھائی موقع پر پہنچ گیا۔
پولیس نے مدعی کی رپورٹ پر تھانہ گڑھی حبیب اللہ میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
