Skip to content

شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صوبہ ہزارہ ناگزیر ہوچکا ہے: سردار محمد یوسف

شیئر

شیئر

شہدائے ہزارہ کی 15ویں برسی پر ایبٹ آباد میں صوبہ ہزارہ تحریک کی مرکزی تقریب
شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صوبہ ہزارہ ناگزیر ہوچکا ہے: سردار محمد یوسف

اسلام آباد
صوبہ ہزارہ تحریک کے زیر اہتمام 10 اپریل 2010 کے شہداء کی یاد میں جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزارہ ڈویژن بھر سے سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، سول سوسائٹی، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف نے کی۔
تقریب کا آغاز شہدائے ہزارہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا، جو مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر نے کروائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ صوبہ ہزارہ تحریک کسی فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ شہداء کی امانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک صرف آئینی، قانونی اور انتظامی بنیادوں پر ہے جس میں کسی قسم کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ صوبہ وقت کی اہم ضرورت ہے، میں نے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے موجودہ بل کی حیثیت سے متعلق بات کی ہے، اگر ضرورت پڑی تو نیا بل لایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایبٹ آباد ہی اس تحریک کا مرکز ہے اور اب یہیں سے تحریک نئی کروٹ لے گی۔

تحریک کے کم کوآرڈینیٹر برائے ضلع تورغر زرگل خان نے کہا کہ تورغر کے تمام قبائل صوبہ ہزارہ کے مطالبے پر متحد ہیں اور ان کی جماعت ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گی۔

مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ شہداء اس تحریک کا سرمایہ اور ماتھے کا جھومر ہیں، ان کے خون سے سینچی گئی تحریک اب کسی صورت روکی نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک میں نیا انتظامی یونٹ "صوبہ ہزارہ” کے نام سے قائم ہوگا۔

سابق سینیٹر طلحہ محمود نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہزارہ صوبہ ناگزیر ہوچکا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ عوامی آواز کو سنا جائے۔

تقریب میں شریک نمایاں شخصیات میں شامل تھے: ڈاکٹر شایستہ جدون، سردار شاہ جہان یوسف، عبدالرزاق عباسی، زرگل خان، سردار اویس، سردار شاہ خان، چوہدری ماجد مختار، ذوالفقار جاوید عباسی، قاری محبوب الرحمن، مولانا عطاء الرحمن، مفتی جمیل الرحمن فاروقی، سردار زاہد منان، سردار خالد، اقبال اعوان، سردار محمد بشیر، پرنس فضل حق، نرگس بی بی، آمنہ سردار، سردار احمد نواز، سردار سید علام، شیخ شفیع (تحصیل میر مانسہرہ) اور سید ابراہیم شاہ (تحصیل میر بالاکوٹ)۔

تقریب کے اختتام پر شہداء کی یاد دعائے مغفرت کی گئی۔ مقررین نے صوبہ ہزارہ کے قیام تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں