
ایبٹ آباد: مشیر برائے صحت خیبر پختونخوا، احتشام علی اور یونیسیف چیف پشاور، رادوسلاو رزہاک نے ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال ایبٹ آباد میں جدید نیو نیٹل انٹینسیو کیئر یونٹ (NICU) کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈی ایچ او ایبٹ آباد ڈاکٹر شکیل سرور، ریجنل ڈائریکٹر ہزارہ ڈاکٹر عامر اسرار، ہیلتھ اسپیشلسٹ ڈاکٹر انعام اللہ خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔مشیر صحت احتشام علی نے ربن کاٹ کر این آئی سی یو کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ جدید طبی سہولت 45 بستروں پر مشتمل ہے اور ہزارہ ریجن کے نوزائیدہ بچوں کو خصوصی طبی نگہداشت فراہم کرے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کی صحت اور زندگیاں بچانے میں این آئی سی یوز کا قیام انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”حکومت خیبر پختونخوا کے تمام ضلعی اسپتالوں میں یونیسیف ماڈل نوزائیدہ نگہداشت یونٹس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کے لیے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں فنڈز مختص کیے جائیں گے۔”انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ یونیسیف کے تعاون سے بلا تعطل آکسیجن سپلائی پلانٹ نصب کیا گیا ہے، جبکہ نئی طبی سہولت میں کینگرو مدر کیئر، انتہائی نگہداشت اور متعدی امراض کے علاج کے لیے خصوصی یونٹس قائم کیے گئے ہیں۔اس موقع پر یونیسیف چیف پشاور، رادوسلاو رزہاک نے کہا کہ ”ایبٹ آباد میں جدید این آئی سی یو کا قیام نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح میں نمایاں کمی لائے گا۔ اس سے قبل ہم نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں بھی ایسا یونٹ قائم کیا تھا،یونیسیف خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں میں ماں اور بچے کی صحت کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔”مشیر صحت احتشام علی نے یونیسیف کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور ہسپتال میں جاری غذائی پروگرام کو سراہتے ہوئے یونیسیف پر زور دیا کہ وہ محکمہ صحت کے ساتھ شراکت داری کو مزید وسعت دے۔