مانسہرہ سےکراچی جانے والی وڑائچ کوچ کی غیر معیاری سروس اور بد تمیزی،صارف کو تحفظ دینے والے محکمے کب جاگیں گے؟
ناقص سروس پر شکایت
ہم وڑائچ گاڑیوں کی مانسہرہ سے کراچی جانے والی سروس کی ناقص کارکردگی اور سواریوں کے ساتھ بدتمیزی کے مسلسل واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ آج ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ تین دن قبل کراچی سے آئے ہوئے مہمانوں کے لیے دو سیٹیں بک کی گئیں تھیں، لیکن آج جب مانسہرہ سے گاڑی روانہ ہوئی تو عملے نے انتہائی غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے سواریوں سے بدتمیزی شروع کردی۔
گاڑی میں سوار ہونے کے بعد عملے نے ان سیٹوں پر بٹھانے کے بجائے پیچھے جانے کو کہا اور دعویٰ کیا کہ یہ سیٹیں ان کے لیے نہیں ہیں۔ یہ صورتحال ایبٹ آباد تک مزید خراب ہوئی، جہاں عملے نے فیملی کے ساتھ موجود مہمانوں سے دوبارہ بدتمیزی کی اور انہیں سیٹوں کے حوالے سے آگے پیچھے کرنے کی کوشش کی۔ یہ رویہ نہ صرف مسافروں کے وقار کو مجروح کرتا ہے بلکہ سفر کے دوران شدید ذہنی دباؤ کا باعث بھی بنتا ہے۔
ہم اس ناقص سروس کے خلاف DC مانسہرہ اور اے سی مانسہرہ سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔ ایسی غیر ذمہ دارانہ اور بدتمیز سروسز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو مسافروں کو نہ صرف ذہنی اذیت کا شکار بناتی ہیں بلکہ ان کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی بھی خلاف ورزی کرتی ہیں۔
مزید برآں، یہ ضروری ہے کہ وڑاہچ گاڑیوں کی انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ مسافروں کے ساتھ حسن سلوک کو یقینی بنایا جا سکے۔ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو یہ عوام کے لیے سفر کو ناقابل برداشت بنا دے گا۔
مسافروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔