Skip to content

این ٹی ڈی سی نے بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کیلئے ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا

شیئر

شیئر

این ٹی ڈی سی نے بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کیلئے ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا
884 میگاواٹ سستی پن بجلی کی ترسیل کیلئے 75 کلومیٹر طویل 500 کے وی سکی کناری ٹرانسمیشن لائن مکمل کر لی گئی09 جولائی2024) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے 884 میگاواٹ سستی پن بجلی کی ترسیل کیلئے 75 کلو میٹر طویل 500 کے وی ڈبل سرکٹ سکی کناری ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر مکمل کر لی ہے جو ملک میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔یہ ٹرانسمیشن لائن خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہار پر واقع سکی کناری پن بجلی منصوبے سے 884 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کرے گی۔ یہ ٹرانسمیشن لائن سکی کناری پاور ہاوس سے 500 کے وی نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن کے انٹر کنکشن پوائنٹ تک تعمیر کی گئی ہے۔
ٹرانسمیشن لائن کیلئے تعمیراتی کام جولائی2021 میں شروع کیا گیا تھا۔ سخت موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں کے باوجود این ٹی ڈی سی حکام کی ہدایات کے مطابق منصوبے پر کام کرنیوالی ٹیم نے تمام تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھیں، حالیہ مہینوں میں پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو بڑھایا گیا اور اس اہم سنگ میل کو بروقت عبور کیا گیا۔ ٹرانسمیشن لائن کی ہائی پاٹ ٹیسٹنگ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلی گئی ہے جس کے نتائج تسلی بخش رہے۔ منصوبے کی تکمیل تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے جو عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
سکی کناری ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں آئیسکو اور گیپکو کے علاقوں میں بجلی کی ترسیل کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔ یہ ٹرانسمیشن لائن این ٹی ڈی سی کے پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو مزید مستحکم کرے گی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے ذریعے علاقے میں صنعت کاری کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کی سماجی و اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (پی اینڈ ای) انجینئر قیصر خان، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم) انجینئر محمد مصطفی اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (ایس او) محمد وسیم یونس نے ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل پر متعلقہ پراجیکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں