ایک کم عمر شخصیت، جس کے اندر صحافت، ٹیکنالوجی، علم و ادب اور اپنی ثقافت سے محبت کی کئی دنیائیں آباد ہیں۔
بعض شخصیات عمر کی محتاج نہیں ہوتیں۔ ان کی گفتگو، سنجیدگی، سوچ، بردباری اور اندازِ عمل دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وقت نے ان کی عمر سے کہیں زیادہ تجربات ان کے دامن میں ڈال دیے ہوں۔ افتخار افضل بھی ایسی ہی ایک غیر معمولی شخصیت ہے۔ عمر میں چھوٹا، مگر سنجیدگی، ذہانت اور متانت میں کسی بزرگ، تجربہ کار اور باوقار مقدم کی روح اپنے اندر سموئے ہوئے۔
شیر افضل بھائی، نامور صحافی اور ہزارہ ایکسپریس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، کے دفتر میں داخل ہوں تو ایک منظر اکثر دیکھنے کو ملتا ہے۔ ایک کم عمر لڑکا سر جھکائے اپنے کام میں اس قدر مگن ہوتا ہے کہ اردگرد کی سرگرمیاں بھی اس کی یکسوئی میں خلل نہیں ڈال پاتیں۔ کبھی آنے والے مہمانوں کے لیے ہوٹل سے چائے لاتا ہوا، کبھی کمپیوٹر پر کام کرتا ہوا ہزارہ ایکسپریس کا ننھا پروڈیوسر، کبھی کیمرہ مین اور کبھی ایک کم عمر اینکر کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتا ہوا۔
یہی نہیں، عامر ہزاروی صاحب، پروفیسر ارشد صاحب، ڈاکٹر عادل سیماب صاحب، مفتی نصراللہ صاحب اور رضا صاحب جیسی علمی و فکری شخصیات کی صحبت سے بھی مستفید ہوتا رہتا ہے۔ ان اہلِ علم کی محفلوں میں بیٹھ کر سیکھنے، سمجھنے اور اپنے اندر نئے خیالات پیدا کرنے کا ہنر بھی اس بچے نے کم عمری ہی میں سیکھ لیا ہے۔
مجھے تو افتخار افضل کی شخصیت میں کئی کردار اور کئی جہتیں دکھائی دیتی ہیں۔ کبھی ایک محنتی کارکن، کبھی ایک پروڈیوسر، کبھی ایک کیمرہ مین، کبھی ایک اینکر اور کبھی ایک ایسا طالب علم جو ہر لمحہ کچھ نیا سیکھنے کی جستجو میں رہتا ہے۔
میں نے محسوس کیا کہ افتخار دانشوروں کی صحبت سے تو فیض یاب ہو رہا ہے، لیکن اس کی صلاحیتوں کو ایک باقاعدہ تعلیمی ماحول اور مکتب کی تربیت سے بھی جوڑنا چاہیے۔ چنانچہ میں نے اسے اپنے ساتھ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بفہ میں جماعت نہم میں داخلے کی ترغیب دی۔ اس نے میری بات قبول کی اور باقاعدہ سکول کا حصہ بن گیا۔
بعد ازاں جب میری واپسی گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1 مانسہرہ ہوئی تو اس نے بڑے اعتماد سے کہا:
"سر! اب میں بھی نمبر ون میں آؤں گا۔”
اس ایک جملے میں اس کا عزم، خود اعتمادی اور اپنے تعلیمی سفر کو آگے بڑھانے کا جذبہ نمایاں تھا۔
لیکن افتخار کی کہانی محض ایک ذہین طالب علم کی کہانی نہیں۔ اس نے اپنی صلاحیتوں کا ایک ایسا رخ بھی متعارف کروایا ہے جو ہمارے تعلیمی نظام کے لیے خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔
حال ہی میں اس نے صوبائی سطح کے ایک مقابلے میں اپنی پریزنٹیشن پیش کی۔ اس کا موضوع تھا: مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے گوجری زبان کا تحفظ، لغت کی تیاری اور ترجمے کی سہولت۔
اس کا بنیادی خیال انتہائی اہم اور دور رس نتائج کا حامل ہے۔ اس کا مؤقف ہے کہ اگر گوجری جیسی مادری زبانوں کو مصنوعی ذہانت کے جدید پلیٹ فارمز، بالخصوص لارج لینگیوج ماڈلز، میں مناسب جگہ نہ ملی اور گوجری زبان کے الفاظ کے زخیرے،متروک ہوتےمحاورے،کہاوتیں،معدومیت کے خطرے سے دوچار روز مرہ زندگی کا مادی علم اور ترجمے کو ڈیجیٹل دنیا کا حصہ نہ بنایا گیا تو آنے والی نسلوں کے لیے ان زبانوں کو محفوظ رکھنا مزید مشکل ہو سکتا ہے اور ہزاروں سال کا تہذیبی سفر طے کرکے اپنے اندر انسانی تجربات اور مشاہدات کی تاریخ رکھنے والی یہ زبان مٹ جائے گی۔
اس دفعہ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے جب "خیبر پختونخوا اے آئی اینو ویشن چیلنج رائزنگ سٹار ” کا اعلان کیا تو زبان اور ثقافت کی کیٹیگری میں افتخار افضل نے بھی” مہاری گوجری ” کے آئیڈیا کے تحت گوجری زبان کے ورثہ کو محفوظ کرنے،اے آئی کو گوجری میں ٹرین کرکے اس قابل بنایا جائے کہ وہ دیگر زبانوں کی طرح گوجری زبان کے علمی ورثہ کو بھی محفوظ اور ترجمہ کرنے کے قابل ہو سکے دوسری زبانوں کی طرح گوجری بولنے والے افراد بھی مصنوعی ذہانت کے ذریعے اپنی زبان کو نئی نسل اور جدید دنیا سے جڑ سکیں اور مختلف شعبوں میں گوجری بھی مصنوعی زہانت سے فائدہ اٹھائے ۔
مجھے اس کا یہ آئیڈیا بے حد پسند آیا۔ ایک کم عمر طالب علم کا اپنی مادری اور علاقائی ثقافت کے تحفظ کے لیے مصنوعی ذہانت جیسی جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کا تصور یقیناً قابلِ تحسین ہے۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ افتخار افضل کا یہ آئیڈیا صوبائی سطح کے مقابلے میں شارٹ لسٹ ہو گیا ہے ،انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مطابق اس مقابلہ میں صوبہ بھر سے 883 درخواستیں اور آئیـڈیاز موصول ہوئے تھے جن میں سے صرف 44 آئیڈیاز شارٹ لسٹ ہوئے ہیں جن میں افتخار افضل کا آئیڈیا بھی شامل ہے اور اب 30 نومبر کو اس کے نتائج کا انتظار ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ ننھا مقدم اپنی صلاحیتوں، محنت اور منفرد خیال کے ذریعے کامیابی حاصل کرے گا۔یاد رہے کہ اس آئیڈیا کے منتخب ہونے کی صورت میں صوبائی حکومت نے دس لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کر رکھا ہے اور فائنل ہونے والے آئیڈیاز کے لیے گورنر ہاوس میں تقریب ہو گی۔
میری نظر میں اس منصوبے کی اہمیت صرف ایک مقابلے میں کامیابی تک محدود نہیں۔ یہ ہمارے تعلیمی اداروں کے لیے بھی ایک پیغام ہے کہ بچوں کو محض نصابی کتابوں، رٹّے، امتحانی نمبروں اور پوزیشنوں کی دوڑ تک محدود نہ رکھا جائے۔ انہیں ایسے مواقع فراہم کیے جائیں جہاں وہ اپنی حقیقی صلاحیتوں کو پہچان سکیں، سوال اٹھا سکیں، نئے خیالات پیش کر سکیں اور اپنے علم کو عملی زندگی کے مسائل حل کرنے کے لیے استعمال کر سکیں۔
سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی ایسے بے شمار بچے موجود ہیں جن کے اندر غیر معمولی تخلیقی صلاحیتیں چھپی ہوئی ہیں۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب رہنمائی، اعتماد، پلیٹ فارم اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے۔
افتخار افضل میرے لیے اسی امید کی ایک خوب صورت مثال ہے۔ ایک ایسا بچہ جو صحافت کے ماحول میں سیکھ رہا ہے، اہلِ علم کی صحبت سے فائدہ اٹھا رہا ہے، سکول کی تعلیم حاصل کر رہا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی ثقافت اور زبان کے تحفظ کا خواب دیکھ رہا ہے۔
میں شیر افضل بھائی اور ہزارہ ایکسپریس کی پوری ٹیم کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس کم عمر بچے کو سیکھنے، کام کرنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کیا۔
میری دعا ہے کہ افتخار افضل کی یہ ننھی سی کاوش ایک بڑی علمی تحریک کا پیش خیمہ بنے۔ وہ اپنی زبان، ثقافت اور علاقے کی پہچان کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ کرنے والوں میں شامل ہو اور سرکاری سکولوں کے ان بچوں کے لیے بھی مثال بنے جنہیں ابھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں ملا۔
کیونکہ بعض اوقات کسی بڑے انقلاب کی ابتدا کسی بڑے منصب دار سے نہیں، بلکہ ایک چھوٹے سے طالب علم کے بڑے خیال سے ہوتی ہے۔
محمد راشد خان سواتی وائس پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1، مانسہرہ
