Skip to content

چیف سیکرٹری بمقابلہ کلرک اور پٹواری کی کرپشن!

شیئر

شیئر

تحریر: طارق محمود اعوان

کسی بھی نظام میں کرپشن کی نوعیت، اس کی وسعت اور اس کے اثرات کو سمجھنے کے لیے ایک نہایت اہم طریقہ یہ ہے کہ اس نظام کے سب سے اعلیٰ عہدے پر فائز افسر اور اس نظام کے سب سے نچلے درجے کے اہلکار کی کرپشن کا تقابلی مطالعہ کیا جائے۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں اس مطالعے کے لیے ایک طرف چیف سیکرٹری اور دوسری طرف سیکرٹریٹ کا ایک کلرک یا فیلڈ میں تعینات ایک پٹواری ہو سکتا ہے۔ یہ محض دو عہدوں کا تقابل نہیں بلکہ ریاستی نظام میں اختیارات، اثرورسوخ، احتساب اور کرپشن کے مختلف درجات کو سمجھنے کی ایک اہم Case Study ہے۔

اصولی طور پر کرپشن، کرپشن ہے۔ چاہے کوئی کلرک رشوت لے، پٹواری کسی شہری کے جائز کام کے لیے پیسے طلب کرے یا چیف سیکرٹری اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرے، کسی بھی صورت میں اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن ہمارے نظام کی سب سے بڑی ستم ظریفی یہ ہے کہ کلرک اور پٹواری کی کرپشن ہمیشہ زیرِ بحث رہتی ہے، جبکہ اعلیٰ ترین انتظامی عہدوں پر ہونے والی کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال، مفادات کے ٹکراؤ اور عوامی حقوق کی پامالی کو عموماً وہ توجہ نہیں ملتی جس کی وہ مستحق ہے۔

پاکستان میں ایک عجیب صورتِ حال ہے۔ فرض کریں، کلرک بھی کرپٹ ہے، پٹواری بھی، ڈپٹی کمشنر بھی، سیکرٹری بھی اور چیف سیکرٹری بھی۔ لیکن ان سب کے احتساب کا معیار یکساں نہیں۔ کلرک اور پٹواری کی سرزنش ہوتی ہے، ان کے خلاف کارروائی ہوتی ہے، ڈپٹی کمشنر بھی کبھی کبھی جواب دہ ہو جاتا ہے، سیکرٹری کو بھی وضاحت دینا پڑ سکتی ہے، لیکن چیف سیکرٹری کے اختیارات کے استعمال اور اس کے فیصلوں کا احتساب ایک غیر معمولی معاملہ بن جاتا ہے۔ یوں عہدے کے ساتھ احتساب کا معیار بھی تبدیل ہو جاتا ہے۔ یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ اگر ہر شاخ کے نچلے اہلکار کی کرپشن قابلِ گرفت ہے تو اسی شاخ کے سربراہ کو احتساب سے بالاتر کیوں سمجھا جاتا ہے؟

اس معاملے کو سمجھنے کے لیے کرپشن کے اثرات کا تقابلی جائزہ بھی ضروری ہے۔ ایک پٹواری کی کرپشن کسی شہری کی زمین کے انتقال، فرد یا کسی دوسرے انفرادی معاملے کو متاثر کر سکتی ہے۔ ایک کلرک کسی شہری کی فائل روک کر اس سے ناجائز فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔ لیکن ایک اعلیٰ انتظامی افسر کا غیر قانونی فیصلہ، اختیارات کا ناجائز استعمال یا کسی پالیسی میں دانستہ مداخلت ہزاروں بلکہ لاکھوں شہریوں کے حقوق، سرکاری وسائل اور پورے گورننس سسٹم کو متاثر کر سکتی ہے۔ اس لیے جتنا بڑا عہدہ اور جتنے وسیع اختیارات ہوں گے، وہاں کرپشن کے ممکنہ اثرات بھی اتنے ہی بڑے ہوں گے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ نچلے درجے کی کرپشن کم اہم ہے، بلکہ یہ کہ اعلیٰ سطح کی کرپشن کو اس کے وسیع تر اثرات کے تناظر میں زیادہ سنجیدگی سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔

پنجاب میں چیف سیکرٹری کا عہدہ اس حوالے سے ایک غیر معمولی مثال ہے۔ چیف سیکرٹری کے انتظامی اور مالیاتی اختیارات، حکومتی فیصلوں میں اس کا کردار اور صوبائی مشینری پر اس کا اثرورسوخ انتہائی وسیع ہے۔ بہت سے معاملات میں اس عہدے کا عملی انتظامی اثر وزیراعلیٰ کے مقابلے میں بھی غیر معمولی ہو سکتا ہے۔ سرکاری اخراجات، ترقیاتی منصوبوں، ٹھیکوں کی منظوری اور انتظامی نگرانی، ریگولیٹری نظام، کاروباری ماحول، معاشی سرگرمیوں اور سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق معاملات میں اعلیٰ بیوروکریسی کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ مختلف قانونی اور انتظامی اختیارات کے ذریعے چیف سیکرٹری صوبائی حکومت کے تقریباً ہر بڑے انتظامی شعبے پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔ ایسے وسیع اختیارات رکھنے والے عہدے پر بیٹھے شخص کے فیصلوں کا آزادانہ اور غیر جانب دارانہ احتساب ناگزیر ہے۔

لیکن المیہ یہ ہے کہ عوامی اور ادارہ جاتی توجہ زیادہ تر پٹواری، کلرک، تحصیلدار اور نچلے درجے کے اہلکاروں کی کرپشن پر مرکوز رہتی ہے۔ اعلیٰ بیوروکریسی کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال، پالیسی سازی پر اثرانداز ہونے، سرکاری وسائل کی تقسیم، غیر شفاف فیصلوں اور عوامی مفادات کو نقصان پہنچانے جیسے معاملات پر نسبتاً کم بات ہوتی ہے۔ یہی وہ کرپشن ہے جو ہمیشہ نقد رشوت کی صورت میں سامنے نہیں آتی، بلکہ بعض اوقات پالیسی، انتظامی فیصلوں، سرکاری وسائل کی تقسیم، قواعد کی تشریح اور اختیارات کے استعمال کے اندر چھپی ہوتی ہے۔ یہ دراصل Invisible Corruption ہے، جس کے اثرات بسا اوقات عام رشوت سے کہیں زیادہ وسیع ہوتے ہیں۔

پاکستانی سول سروس کے اندر کرپشن کے حوالے سے ایک عمومی تاثر یہ بھی پایا جاتا ہے کہ نچلی اور درمیانی سطح پر، خصوصاً گریڈ سولہ کے آس پاس، تحصیلدار، انسپکٹر اور دوسرے ایگزیکٹو افسران کے ذریعے روزمرہ انتظامی معاملات میں کرپشن ہوتی ہے، جبکہ گریڈ بائیس کی سطح پر بعض اعلیٰ افسران پالیسی، قانون سازی، قواعد، سرکاری وسائل اور گورننس پر اثرانداز ہو کر بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھانے کی پوزیشن میں ہوتے ہیں۔ وہاں کرپشن کا طریقہ مختلف ہوتا ہے۔ وہ محض کسی فائل کو روکنے یا کسی شہری سے رشوت لینے تک محدود نہیں رہتی، بلکہ پالیسی بیچنے، قانون پر اثرانداز ہونے، قواعد کو اپنے مفادات کے مطابق استعمال کرنے اور ریاستی فیصلوں کو مخصوص مفادات کے تابع کرنے کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔ یہ ایک عمومی ادارہ جاتی مشاہدہ ہے، جسے انفرادی الزامات کے بجائے شواہد اور آزادانہ تحقیقات کی بنیاد پر پرکھنا چاہیے۔

اس کے علاوہ ہمارے احتسابی اداروں کا اپنا ایک بنیادی مسئلہ بھی ہے۔ اینٹی کرپشن جیسے ادارے عموماً نچلے اور درمیانے درجے کے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کرتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز افسران کے احتساب میں وہی شدت اور آزادی ہمیشہ نظر نہیں آتی۔ اس سے بھی زیادہ تشویش ناک صورتِ حال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب وہی اعلیٰ افسران، جن کے اختیارات اور فیصلوں کا احتساب ہونا چاہیے، کسی نہ کسی مرحلے پر انہی احتسابی اداروں میں انتظامی یا فیصلہ ساز عہدوں پر تعینات ہو جاتے ہیں۔ یہ ایک واضح Institutional Conflict of Interest ہے۔ جس نظام میں احتساب کرنے والے اور احتساب کے دائرے میں آنے والے طبقات ایک دوسرے سے ادارہ جاتی طور پر جڑے ہوں، وہاں غیر جانب داری اور مؤثر احتساب کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے؟

اس لیے کرپشن کے مطالعے میں ہمیں صرف پٹواری، کلرک، تحصیلدار یا انسپکٹر تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ ہمیں گریڈ ایک سے گریڈ بائیس تک پورے انتظامی ڈھانچے کا جائزہ لینا ہوگا۔ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، اکاؤنٹنٹ جنرل اور دوسرے اعلیٰ انتظامی و مالیاتی عہدے بھی اسی احتسابی نظام کا حصہ ہونے چاہئیں۔ کسی بھی عہدے کو اس کے مرتبے، سروس، گریڈ یا ادارہ جاتی اثرورسوخ کی بنیاد پر احتساب سے استثنا حاصل نہیں ہونا چاہیے۔

اس کے لیے سب سے ضروری بات یہ ہے کہ احتساب خود متعلقہ محکمے یا اسی انتظامی سلسلے کے اندر محدود نہ رہے، بلکہ ایک آزاد، غیر جانب دار اور تھرڈ پارٹی نظام کے ذریعے کیا جائے۔ جو افسر جس اختیار کا استعمال کر رہا ہے، اس کے فیصلوں، مالیاتی معاملات، انتظامی اقدامات اور عوامی حقوق پر ان کے اثرات کا آزادانہ جائزہ لیا جانا چاہیے۔ احتساب کا اختیار کسی عہدے کی طاقت سے متاثر نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اس کا معیار قانون، شواہد اور عوامی مفاد ہونا چاہیے۔

بنیادی اصول بہت سادہ ہے: کرپشن صرف رشوت لینے کا نام نہیں، بلکہ ریاستی اختیار کو ذاتی، گروہی یا ادارہ جاتی مفاد کے لیے استعمال کرنا بھی کرپشن ہے۔ جب تک ہم کلرک اور پٹواری کے ساتھ چیف سیکرٹری، سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر، آئی جی اور گریڈ بائیس تک کے تمام افسران کو ایک ہی احتسابی معیار کے تحت نہیں لائیں گے، کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہد ادھوری رہے گی۔

پاکستان میں کرپشن ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم صرف یہ نہ دیکھیں کہ پٹواری کتنی رشوت لیتا ہے، بلکہ یہ بھی دیکھیں کہ چیف سیکرٹری اپنے اختیارات سے کیا کرتا ہے، سرکاری وسائل کس طرح تقسیم ہوتے ہیں، پالیسیاں کس کے مفاد میں بنتی ہیں اور ریاستی فیصلوں سے کس کو فائدہ اور کس کو نقصان پہنچتا ہے۔

آخرکار، کرپشن کی سنگینی کا تعین عہدے کی بنیاد پر نہیں بلکہ اس کے اثرات، اختیارات کے ناجائز استعمال اور عوامی مفادات کو پہنچنے والے نقصان کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ ایک کلرک اور ایک چیف سیکرٹری، دونوں قانون کے سامنے برابر ہیں۔ جب تک یہ اصول عملی طور پر نافذ نہیں ہوتا، پاکستان میں کرپشن کنٹرول کرنے کا کوئی بھی نظام حقیقی معنوں میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

کرپشن پر تفصیلی بحث میں نے اپنی آنیوالی کتاب، The Bureaucratic Mask:

Bureaucracy’s Art of Corruption

میں بیان کی ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں