Skip to content

پاکستان سچ،میڈیا معیشت اور عوامی اعتماد کو ایک ساتھ خطرے کا سامنا کیوں ہے؟

شیئر

شیئر

پاکستان میں صحافت کی معیشت عوامی اعتبار کے بغیر کیسے قائم رہ پائے گی؟

تحریر :شیر افضل گوجر

اگر معاشرے کو قابلِ اعتماد معلومات کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے تو پھر وہ صحافتی ادارے معاشی طور پر کمزور کیوں ہو رہے ہیں جو عوامی مفاد میں معلومات فراہم کرتے ہیں؟

اس سوال کو کراچی اور اسلام آباد کے میڈیا مباحثوں، صحافیوں کے معاشی خدشات، بین الاقوامی اداروں کی تحقیق اور دنیا میں کامیاب ڈیجیٹل پبلک انٹرسٹ جرنلزم کے تجربات کے ساتھ جوڑنا ضروری ہے۔ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستانی صحافت کو معلومات کے بحران کا سامنا ہے یا صحافت زمانے کے بدلتے تقاضے سمجھ نہیں پارہی اور پاکستان میں سچ، معیشت اور عوامی اعتماد کو ایک ساتھ خطرے کا سامنا کیوں ہے؟ اس کے ساتھ ڈیجیٹل انقلاب کے دور میں جب توجہ کی معیشت کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، آزاد صحافت کو معاشی طور پر زندہ رکھنا کیوں مشکل ہوتا جا رہا ہے؟
یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ ایک معاشرے کی ترقی کا اندازہ صرف اس کے اعلی معیار کے انفرا سٹرکچر،سڑکوں، عمارتوں، تعلیمی اداروں،فائلوں میں تحریر معاشی اشاریوں یا حکومتی منصوبوں سے نہیں لگایا جا سکتا بلکہ معاشرے کی اصل ترقی اس بات سے بھی متعین ہوتی ہے کہ اس کے شہری اپنے اردگرد ہونے والے واقعات کو کس حد تک سمجھتے ہیں،ریاستی فیصلوں پر سوال اٹھانے کی کتنی اہلیت اور آزادی رکھتے ہیں، اپنے حقوق سے کتنے واقف ہیں اور اجتماعی مسائل کے حل میں کس حد تک شریک ہیں۔ان تمام صلاحیتوں کی بنیاد ایک ایسی چیز پر قائم ہوتی ہے جسے ہم معلومات کہتے ہیں۔

معلومات کسی بھی معاشرے کے اجتماعی شعور کی غذا ہے،انسانی تجربات سے یہ ثابت شدہ حقیقت آشکارہ ہوتی ہے کہ معلومات جتنی معیاری ہو گی،شعور کی سطح اتنی ہی بلند ہو گی۔ یہی معلومات شہریوں کو اپنے ماحول، ریاستی اداروں، سیاسی قیادت،مذہبی و سماجی رویوں اور معاشی حالات کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں ۔لیکن یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے اگر کسی معاشرے میں معلومات کی بھرمار ہو، ٹیلی ویژن چینلز، اخبارات، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، سرکاری محکمے اور سیاسی جماعتیں ہر لمحہ کچھ نہ کچھ بتا رہے ہوں، لیکن ان معلومات کی سچائی مشکوک ہو تو کیا ایسا معاشرہ حقیقتاً باخبر یا باشعور کہلانے کا مستحق ہے؟

پاکستان آج اسی تضاد سے گزر رہا ہے۔ ہمارے ہاں معلومات کے ذرائع کی کمی نہیں، لیکن قابلِ اعتماد معلومات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے، ہر سیاسی جماعت اپنی حقیقت پیش کرتی ہے، ہر طاقتور ادارہ اپنے نقطۂ نظر سے واقعات کو پیش اور ان کی تشریح کرتا ہے، زیادہ تر مذہبی و سماجی گروہ اپنے نظریاتی مفادات کے مطابق اطلاعات کو استعمال کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر ہر شخص اپنی رائے کو حقیقت کے طور پر پیش کرنے کی آزادی محسوس کرتا ہے،نتیجہ یہ ہے کہ شہری کے پاس معلومات تو بہت ہیں، لیکن حقیقت تک پہنچنے کا راستہ دشوار ہوتا جا رہا ہے۔

معلومات کا ہونا اور باخبر ہونا دو مختلف چیزیں ہیں۔

معلومات کی مقدار نہیں، معیار اہم ہے

ایک باشعور معاشرے کی پہلی بنیادی ضرورت باخبر شہری ہیں۔ایسے شہری جو جانتے ہوں کہ ان کے علاقے میں کیا ہو رہا ہے، ان کے منتخب نمائندے کیا کر رہے ہیں، ان سے وصول ہونے والے ٹیکس ،سرکاری وسائل کہاں خرچ ہو رہے ہیں،تعلیم اور صحت کی سہولیات کی حقیقی صورت حال کیا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کیا ہیں اور ان کی مذہبی تعلیمیات کی تشریح کیسے کی جا رہی ہے۔

لیکن باخبر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ شہری ہر روز سینکڑوں خبریں پڑھیں یا ہزاروں ویڈیوز دیکھیں،اصل شعور اس وقت پیدا ہوتا ہے جب شہری معلومات کی تصدیق،ان کا تنقیدی جائزہ اور مختلف ذرائع سے موازنہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

پاکستان میں اطلاعات کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ معلومات اکثر اپنی اصل شکل میں عوام تک نہیں پہنچتیں، سرکاری محکمے اپنی کارکردگی کی تشہیر کرتے ہیں، سیاسی جماعتیں اپنے مخالفین کو ناکام ثابت کرنے کے لیے اعدادوشمار اور واقعات کو اپنے زاویے سے پیش کرتی ہیں، جبکہ بعض میڈیا ادارے بھی سیاسی، تجارتی اور ادارتی دباؤ سے مکمل طور پر آزاد نہیں رہ پاتے اور بعض تو باقاعدہ کسی ریاستی،سیاسی،مذہبی لسانی یا علاقائی گروہ کے پروپیگنڈے اور ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

یہاں سرکاری معلومات کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، جو لوگ ایسے صورتحال سے گزرتے ہیں یا انہیں کسی طرح واسطہ پڑتا ہے وہ اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں کہ سرکاری محکموں کی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا آفیشل پیجز پر پیش کیا جانے والا سرکاری بیانیہ اور آزادانہ طور پر تصدیق شدہ حقیقت ایک جیسی چیزیں نہیں ہیں، اسی طرح سیاسی جماعت کا مؤقف خبر کا ایک حصہ ہو سکتا ہے، مکمل حقیقت نہیں۔

مثلاً کسی ضلع میں حکومت اعلان کرتی ہے کہ اس نے سو اسکولوں کی حالت بہتر بنا دی ہے۔ ایک باخبر شہری یہ جاننا چاہے گا ان سکولوں کے لیے مختص مالی وسائل کا درست استعمال کیا جا رہے ہے،کوالٹی کنٹرول کا میکنزمموجود یے،نگران ادارے اپنی زمہ داری پوری کر رہے ہیں؟ ان اسکولوں میں کتنے اساتذہ موجود ہیں، کتنے بچے زیر تعلیم ہیں، پینے کے پانی اور بیت الخلا کی سہولت ہے یا نہیں اور کیا ان کی تعلیمی کارکردگی میں واقعی بہتری آئی ہے؟

یہی وہ فرق ہے جو تشہیر اور صحافت کے درمیان لکیر کھینچتا ہے۔

معلومات کے بغیر جمہوریت محض تماشا ہے

جمہوریت صرف ووٹ ڈالنے کا نام نہیں، بلکہ ریاستی فیصلوں، مقامی حکومتوں، عوامی پالیسیوں اور اجتماعی ترجیحات میں شہریوں کی بامعنی شرکت کا نام ہے۔

لیکن شہری اس عمل میں مؤثر کردار کیسے ادا کریں گے، اگر انہیں معلوم ہی نہ ہو کہ ان کے لیے فیصلے کہاں اور کیسے کیے جا رہے ہیں اور کون یہ فیصلے کر رہا ہے؟

پاکستان میں عوام کو انتخابی سیاست میں تو شریک کیا جاتا ہے لیکن اکثر انہیں پالیسی سازی، بجٹ کی ترجیحات، ترقیاتی منصوبوں اور ادارہ جاتی کارکردگی کے معاملات میں مناسب معلومات فراہم نہیں کی جاتیں۔

مقامی سطح پر صورت حال مزید پیچیدہ ہے ایک عام شہری کو اکثر یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اس کے علاقے میں ترقیاتی منصوبے کے لیے کتنا بجٹ منظور ہوا، کون سا محکمہ اس کا ذمہ دار ہے، منصوبہ کب مکمل ہونا تھا اور تاخیر کی وجہ کیا ہے۔

جب معلومات دستیاب نہ ہوں تو عوامی شرکت بھی محض رسمی کارروائی بن جاتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ مقامی صحافت کی اہمیت قومی سیاست کی خبروں سے کہیں آگے بڑھ جاتی ہے۔ ایک مقامی صحافی اگر کسی گاؤں میں اسکول کی غیر فعالیت، بنیادی مرکز صحت یا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ادویات اور صحت سہولیات کی عدم دستیابی، پینے کے پانی کی آلودگی یا ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی حقیقت سامنے لاتا ہے تو وہ صرف ایک خبر شائع نہیں کر رہا ہوتا بلکہ شہریوں کو اپنے اجتماعی حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہ کر رہا ہوتا ہے۔اگر وہ یہ سب کچھ کرنے کے بجائے کسی سیاسی،مذہبی و کاروباری گروہ کی منشی گیری کر رہا ہے،کسی نیوز ادرے کے نام اور کام کو سرکاری افسران اور طاقتور گروہوں کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے لیے بطور ٹول استعمال کر رہا ہے ،کسی تھانے اور پٹوار خانے کی ٹاوٹ گیری کر رہا ہے اور کوئی صحافتی ادارہ/پریس کلب یا یونین اس کی باز پرس نہیں کر رہی نا ہی کسی صحافتی ادارے/ نیوز آرگنائزیشن کے پاس اپنے رپورٹر یا نمائندے پر نظر رکھنے یا اس کی جوابدہی کا میکنزم موجود ہے تو پھر خرابی کے لیے کسی ایک فریق/ سٹیک ہولڈر کو زمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

معلومات شہری کو تماشائی سے شریکِ عمل بناتی ہیں۔

جواب دہ ادارے ،سوال کرنے کی آزادی ہی احتساب کی بنیاد ہے

ریاستی اداروں کی جواب دہی کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ کوئی بھی ادارہ، چاہے وہ کتنا ہی طاقتور یا بااختیار کیوں نہ ہو، عوامی سوالات اور قانونی نگرانی سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔

لیکن احتساب کے لیے صرف اداروں کا وجود کافی نہیں۔ ضروری ہے کہ ان کے فیصلوں، اخراجات، کارکردگی اور اختیارات کے استعمال سے متعلق معلومات عوام کے لیے دستیاب ہوں۔

پاکستان میں احتساب کا تصور اکثر سیاسی وابستگیوں کے تابع دکھائی دیتا ہے۔ جب کسی مخالف سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی ہوتی ہے تو ایک گروہ اسے احتساب قرار دیتا ہے جبکہ دوسرا اسے سیاسی انتقام سمجھتا ہے یہی رویہ بعض اوقات اداروں کی کارکردگی کے جائزے میں بھی سامنے آتا ہے۔

اس صورت حال میں آزاد صحافت کا کردار مزید اہم ہو جاتا ہے۔صحافت کا کام کسی ادارے کو مجرم ثابت کرنا نہیں، بلکہ شواہد کی بنیاد پر سوالات اٹھانا، متعلقہ فریق کا مؤقف لینا اور عوام کے سامنے قابلِ تصدیق حقائق پیش کرنا ہے۔

تاہم صحافت بھی اس ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں،ہم میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو اپنی جوابدہی کے لیے بھی عوام کے سامنے پیش کرنا چاہیے کہ کسی اخبار،ٹی وی چینل یا سوشل میڈیا نیوز چینل کے ساتھ وابستہ صحافیوں اوررپورٹرز کی ہم نے کبھی ادارتی تربیت کی،کبھی بچوں اور کمزور طبقات پر رپورٹنگ کا کوئی رپورٹنگ ماڈیول ڈویلپ کیا؟تیزی سے بدلتے میڈیا لینڈ سکیپ کے حوالے سے میڈیا کارکنوں کی کوئی تربیتی ورکشاپ منعقد کی؟ یہ ریکارڈ پر لانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان میں کتنے نیوز میڈیا کے ادارے اپنے عملہ کی ادارتی،مینیجیریل اور تکنیتی صلاحیتوں پر توجہ دیتے ہیں، اگر میڈیا خود سیاسی، تجارتی یا ذاتی مفادات کا ترجمان بن جائے تو وہ احتساب کا ذریعہ بننے کے بجائے طاقت کے کھیل کا حصہ بن جاتا ہے۔اس صورت میں اگر کوئلوں کی دلالی میں منہ کالا ہوتا ہے تو پھر اس پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔

اداروں پر تنقید ریاست دشمنی نہیں اور اداروں کی کارکردگی کا اعتراف صحافتی کمزوری نہیں اصل صحافتی آزادی یہ ہے کہ فیصلہ شواہد کریں نہ کہ طاقت، تعلقات یا سیاسی وابستگیاں۔پیکا جیسے قوانین کے تحت جب سے پاکستان میں نیوز میڈیا کے اداروں کی قانونی ہراسمنٹ شروع ہوئی ہے اور نیوز کو کریمینیلائز کیا گیا ہے تب سے پاکستان میں معیاری تحقیقاتی صحافت کے سامنے سوالیہ نشان ہے کیوں کی ریاستی ادارے جھوٹ اور سچ کی تمیز کھو چکے ہیں اور وہ کسی بھی شکایت کندہ یا طاقتور کے اشارے پر بغیر کسی قانونی خلاف ورزی کے کسی بھی میڈیا ادارے کے خلاف کاروائی کر سکتے ہیں۔یہ پریکٹس سائبر کرائمز کے قوانین کے تحت جمہوری ممالک میں سے صرف پاکستان میں شروع ہوئی ہے۔۔

سماجی ہم آہنگی: جب ہر شخص دوسرے کی حقیقت پر شک کرے

کسی معاشرے کی مضبوطی صرف اس کے قوانین اور اداروں سے نہیں، بلکہ شہریوں کے درمیان اعتماد سے بھی متعین ہوتی ہے۔

لوگ ایک دوسرے کے تجربات کو سمجھیں، مختلف زبانوں، ثقافتوں، طبقات اور نظریات کے حامل افراد کے درمیان مکالمہ ہو اور اختلاف کو دشمنی میں تبدیل نہ ہونے دیا جائے۔ یہی سماجی ہم آہنگی کی بنیاد ہے۔

لیکن جب معلومات کے ذرائع مسلسل متضاد اور مفاداتی بیانیے پیش کریں تو معاشرے میں اعتماد کا بحران جنم لیتا ہے۔

پاکستان میں سیاسی اور سماجی تقسیم کے ساتھ اطلاعاتی تقسیم بھی گہری ہو چکی ہے،ایک ہی واقعے کو مختلف ٹیلی ویژن چینلز، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور سیاسی و مذہبی حلقے بالکل مختلف انداز میں پیش کرتے ہیں۔ شہری اکثر اس بات کا فیصلہ خبر کے شواہد کی بنیاد پر نہیں بلکہ اس بات پر کرتے ہیں کہ خبر کس جماعت، ادارے یا گروہ کے حق میں ہے۔

اس طرزِ فکر کا خطرناک نتیجہ یہ ہے کہ سچائی بھی سیاسی وابستگی کی محتاج بن جاتی ہے۔

اگر ایک خبر ہمارے پسندیدہ سیاسی رہنما کے حق میں ہو تو ہم اسے فوراً درست تسلیم کر لیتے ہیں لیکن اگر وہی خبر ہمارے مخالف کے حق میں ہو تو ہم اس کے ذرائع، الفاظ اور نیت پر سوال اٹھانے لگتے ہیں۔

یہ رویہ صرف صحافت کا مسئلہ نہیں، اجتماعی اخلاقیات کا بحران بھی ہے۔

مساوات اور شمولیت: جن کی آواز نہیں، ان کی حقیقت بھی غائب ہے

معلومات کا پانچواں اہم کردار معاشرے میں مساوات اور شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

کسی بھی معاشرے میں ترقی اس وقت تک نامکمل ہے جب تک اس کے کمزور، محروم اور نظر انداز کیے جانے والے طبقات اجتماعی گفتگو کا حصہ نہ بنیں۔

پاکستان میں معلوماتی نظام کا ایک بڑا مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہر شہری کو یکساں اہمیت نہیں دی جاتی۔ بڑے شہروں، طاقتور سیاسی شخصیات اور قومی اداروں سے متعلق خبریں میڈیا کی نمایاں جگہ حاصل کرتی ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں کے مسائل اکثر نظر انداز ہو جاتے ہیں۔

کسی گاؤں میں بچیوں کے اسکول کی عدم موجودگی، کسی پہاڑی علاقے میں بنیادی صحت کی سہولتوں کا فقدان،خواتین کی معاشی خودمختاری، معذور افراد کی مشکلات،مزدوروں کے حقوق یا کسی اقلیتی برادری کے مسائل قومی سطح پر اس وقت تک جگہ نہیں بنا پاتے جب تک کوئی غیر معمولی واقعہ رونما نہ ہو جائے۔

یہ صرف میڈیا کی ترجیحات کا معاملہ نہیں، بلکہ معاشرتی انصاف کا سوال بھی ہے۔ہم اگر صرف ہزارہ ڈویژن کے پریس کلبز اور صحافتی یونینز کی بات کریں تو آبادی کے تناسب سے صحافیوں کی موجودہ تعداد کا نصف تو خواتین موجود ہونی چاہیں،آج ہزارہ ڈویژن کے سات پریس کلبز میں خواتین کی کل کتنی تعداد ہے؟ یہ سوال صحافیوں اور سوسائیٹی دونوں کے سوچنے کا ہے اگر کوئی بھی نہیں ہے تو وجہ کیا ہے؟

اگر کسی شہری کی مشکلات قومی گفتگو میں جگہ نہیں پاتیں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ شہری ریاستی اور سماجی ترجیحات میں بھی غیر مرئی ہوتا جا رہا ہے۔

اسی لیے شمولیتی صحافت کا مقصد صرف مختلف طبقات کی تصاویر یا بیانات شائع کرنا نہیں، بلکہ انہیں اپنی کہانی خود بیان کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

پاکستان میں صحافت کی معیشت، جب سچائی کا کاروباری ماڈل کمزور پڑ جائے

یہاں پہنچ کر پاکستان کے صحافتی بحران کا ایک ایسا پہلو سامنے آتا ہے جس پر قومی سطح پر سنجیدہ گفتگو نسبتاً کم ہوئی ہے وہ ہے صحافت کی معیشت اور آزاد صحافتی اداروں کی معاشی بقا۔

ہم اکثر کہتے ہیں کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے لیکن شاید ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ کوئی بھی ستون معاشی بنیاد کے بغیر زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔ ایک صحافی سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ طاقتور اداروں سے سوال کرے، کرپشن بے نقاب کرے، عوامی مفادات کا تحفظ کرے اور غیر جانب دارانہ رپورٹنگ کرے لیکن اسی صحافی کو اگر کئی ماہ تنخواہ نہ ملے، ملازمت کا تحفظ حاصل نہ ہو، رپورٹنگ کے لیے سفری اخراجات میسر نہ ہوں اور ادارہ خود اشتہارات یا کسی بااثر شخصیت کی مالی معاونت کا محتاج ہو تو اس کی ادارتی آزادی کے سامنے عملی مشکلات کھڑی ہو جاتی ہیں۔یہ سوال اس سماج کے سامنے بھی رکھا جا سکتا ہے کہ معیاری معلومات عوام تک پہنچانے کے لیے ایک صحافی کے وسائل کا زریعہ کیا ہونا چاہیے؟ جب آپ اخبارات خریدتے تھے تو آج آپ ایک معیاری ڈیجیٹل میڈیا کے ادارے کو ایک اخبار کی ماہانہ سبسکرپشن کے برابر ادائیگی کے لیے تیار ہیں ؟ اگر آپ مفت میں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ایک نیوز میڈیا کا ادارہ کب تک مفت سروس فراہم کر پائے گا؟

پاکستان کے روایتی میڈیا کا کاروباری ماڈل طویل عرصے تک سرکاری اشتہارات، نجی اشتہارات، ٹیلی ویژن ریٹنگز اور بڑے میڈیا گروپس کی معاشی طاقت پر قائم رہا۔ ڈیجیٹل تبدیلی نے اس ماڈل کو شدید متاثر کیا ہے۔ اشتہارات کا بڑا حصہ اب عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل کمپنیوں کی طرف منتقل ہو رہا ہے، جبکہ مقامی صحافتی ادارے اسی رفتار سے متبادل آمدنی پیدا نہیں کر پا رہے۔

نتیجتاً اخبارات کی اشاعت، ٹیلی ویژن چینلز کی آمدنی، نیوز رومز کے بجٹ اور صحافیوں کے روزگار پر دباؤ بڑھا ہے۔ بعض اداروں میں تنخواہوں کی تاخیر، ملازمتوں کا خاتمہ، فری لانس صحافیوں کی غیر یقینی صورت حال اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع میں کمی اس بحران کی نمایاں شکلیں ہیں۔

یہ صورت حال صرف کسی ایک میڈیا گروپ یا شہر کا مسئلہ نہیں، بلکہ پورے صحافتی نظام کی معاشی ساخت سے جڑی ہوئی ہے۔

گزشتہ ماہ اکتوبر 2026 میں کراچی میں وائس پی کے اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے سینٹر فار ایکسی لینس اِن جرنلزم کے اشتراک سے ہونے والی بحث نے اس بحران کو دوبارہ قومی گفتگو کا موضوع بنایا۔ سینئر صحافیوں، میڈیا منتظمین، صحافتی تنظیموں اور حکومتی نمائندوں نے اس سوال پر گفتگو کی کہ کیا پاکستان کا موجودہ میڈیا معاشی نظام آزاد صحافت کو زندہ رکھ سکتا ہے؟

اس مباحثے میں سرکاری اشتہارات کی غیر شفاف تقسیم، نجی اشتہارات کی کمی، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی طرف اشتہاری آمدنی کی منتقلی،ادارتی دباؤ اور صحافیوں کے معاشی مسائل زیر بحث آئے۔ گفتگو میں یہ خدشہ بھی سامنے آیا کہ گزشتہ پانچ برس میں میڈیا کارکنوں کی بڑی تعداد ملازمتوں سے محروم ہوئی ہے۔ایک مقرر نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی طرف پاکستانی اشتہاری سرمایہ منتقل ہونے کا تخمینہ سالانہ سو ارب روپے سے زیادہ بتایا، تاہم اسے ایک مقرر کا پیش کردہ تخمینہ سمجھنا چاہیے، کوئی حتمی آڈٹ شدہ قومی اعدادوشمار نہیں۔

اس مباحثے کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ صحافت کے کاروباری ماڈل میں مالکان، اینکرز، رپورٹرز اور نیوز روم کے درمیان معاشی عدم توازن بھی زیر بحث آیا، ایک صحافی کے لیے یہ سوال محض نظریاتی نہیں کہ خبر کون بناتا ہے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کس کو ملتی ہے، اس کا تعلق اس کی تنخواہ، پیشہ ورانہ وقار اور ادارتی خودمختاری سے ہے۔

اس بحث کا بنیادی سوال یہی تھا: سچائی کی قیمت کون ادا کرے گا اور عوامی مفاد کی صحافت کو معاشی طور پر کون زندہ رکھے گا؟

اسلام آباد کا مکالمہ:سرکاری اشتہار عوام کا پیسہ ہے، کسی کا احسان نہیں

ستمبر 2026 میں اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ، ایڈووکیسی اینڈ ڈیولپمنٹ (IRADA) اور SZABIST یونیورسٹی کے اشتراک سے، انٹرنیشنل میڈیا سپورٹ (IMS) کی معاونت سے ایک اہم مکالمہ( پالیسی ڈائیلاگ) منعقد ہوا۔ اس موقع پر تحقیق Public Money, Public Interest – Aligning Pakistan’s Digital Media Advertising Policies with Professional Media Mandates پیش کی گئی۔

اس تحقیق کا بنیادی سوال یہ تھا کہ جب حکومتیں ڈیجیٹل میڈیا کو اشتہارات کی تقسیم کے لیے تسلیم کر رہی ہیں تو کیا ان کی پالیسیاں حقیقی معنوں میں عوامی مفاد کی صحافت کو سہارا دیتی ہیں؟

مباحثے میں یہ نکتہ سامنے آیا کہ ڈیجیٹل میڈیا کی موجودہ پالیسیوں میں عوامی مفاد کی صحافت کرنے والے اداروں اور انٹرٹینمنٹ مواد، مارکیٹنگ ایجنسیوں، وی لاگرز اور انفرادی انفلوئنسرز کے درمیان واضح فرق موجود ہی نہیں۔ اس کے نتیجے میں انسانی حقوق، گورننس، محروم طبقات، علاقائی مسائل، عوامی خدمات اور احتساب پر رپورٹنگ کرنے والے اداروں کو مناسب معاشی معاونت حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

مباحثے میں وزارتِ اطلاعات کے ایک نمائندے نے بتایا کہ اس وقت 259 ڈیجیٹل پبلشرز اور 55 اشتہاری ایجنسیاں وزارت کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ یہ تعداد ڈیجیٹل میڈیا کے پھیلاؤ کی نشاندہی ضرور کرتی ہے، لیکن رجسٹریشن بذاتِ خود صحافتی معیار یا عوامی مفاد کی ضمانت نہیں۔وفاقی اورصوبائی سطح پر موجود ڈیجیٹل میڈیا کے لیے پالیسیوں میں اخبار کی طرز پر میڈیا لسٹ میں شامل کرنے کے لیے نیوز میڈیا کے اداروں کے لیے رجسٹریشن اور سلیکشن کا کوئی معیاری میکنزم موجود ہی نہیں۔۔

اس مکالمے میں ایک اہم اصول بھی سامنے آیا: سرکاری اشتہارات عوامی پیسے سے دیے جاتے ہیں، اس لیے ان کی تقسیم شفاف، منصفانہ اور قابلِ احتساب ہونی چاہیے۔ حکومت کا اشتہار کسی میڈیا ادارے کو انعام دینے یا کسی تنقیدی آواز کو سزا دینے کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔

یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنے کی ضرورت ہے۔ حکومت کی مالی معاونت اور حکومت کے ادارتی کنٹرول میں فرق ہے،ریاستی اشتہارات کی منصفانہ تقسیم صحافت کی معاشی بقا میں مدد دے سکتی ہے، لیکن اگر اشتہارات کی تقسیم ادارتی وفاداری سے مشروط ہو جائے تو یہی مالی معاونت آزادی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا سپورٹ آرگنائزیشن/ارادہ
اور فریڈم نیٹ ورک کی رپورٹس: بحران صرف آزادی کا نہیں، بقا کا بھی ہے

انٹرنیشنل میڈیا سپورٹ (IMS) کی معاونت سے تیار ہونے والی تحقیق اور فریڈم نیٹ ورک کی رپورٹس پاکستان کے صحافتی بحران کو سمجھنے کے لیے اہم حوالہ فراہم کرتی ہیں۔

مارچ 2023 میں IMS نے پاکستان میں آزاد ڈیجیٹل صحافتی پلیٹ فارمز کی معاشی بقا، پائیداری اور لچک کے حوالے سے ایک مطالعہ شائع کیا۔ اس میں واضح کیا گیا کہ ڈیجیٹل صحافت کے نئے ادارے مالی وسائل کی کمی، معاشی غیر یقینی، صحافیوں کی سلامتی، غلط معلومات کی مہمات اور اظہارِ رائے کی پابندیوں جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود یہ ادارے سامعین کی شمولیت، فیکٹ چیکنگ اور سوشل میڈیا سے آمدنی کے امکانات تلاش کر رہے ہیں تاکہ اپنے صحافتی کام کو جاری رکھ سکیں۔

فریڈم نیٹ ورک کی 2025 کی سالانہ رپورٹ، جس کا عنوان :Free Speech and Public Interest Journalism Under Siege ہے، نے بھی پاکستان کے میڈیا کو ایک سنگین بحران سے دوچار قرار دیا۔ رپورٹ نے مئی 2024 سے اپریل 2025 تک کے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے اظہارِ رائے پر پابندیوں، صحافیوں کی سلامتی، ملازمت کے عدم تحفظ، معاشی دباؤ، غلط معلومات اور روایتی میڈیا کے کاروباری ماڈل کے تیزی سے کمزور ہونے کو نمایاں کیا۔

رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں صحافیوں کے قتل، جسمانی حملوں، قانونی کارروائیوں اور دھمکیوں کے واقعات نے صحافت کے لیے خطرات بڑھائے۔ رپورٹ نے محدود آمدنی کے ذرائع، پیشہ ورانہ معیار میں کمی اور ڈیجیٹل تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ضروری مہارتوں اور وسائل کی کمی کو بھی اہم مسائل قرار دیا۔

یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ صحافت کی آزادی اور صحافت کی معیشت ایک دوسرے سے الگ نہیں۔ اگر صحافی معاشی طور پر غیر محفوظ ہو تو ادارتی دباؤ کے سامنے اس کی مزاحمت کمزور پڑ سکتی ہے۔ اور اگر ادارہ معاشی طور پر کسی ایک طاقتور سرپرست پر انحصار کرے تو اس کی ادارتی آزادی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

یوں صحافت کا معاشی بحران دراصل معلومات کے حق اور جمہوری احتساب کا بحران بن جاتا ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا کی بڑھتی ہوئی مانگ: مواقع بھی، خطررات بھی۔

پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کا پھیلاؤ ایک نئی صحافتی حقیقت ہے۔ شہری اب صرف صبح کا اخبار یا رات کا ٹیلی ویژن بلیٹن دیکھنے کے محتاج نہیں رہے۔ موبائل فون کے ذریعے خبریں، ویڈیوز، لائیو نشریات، پوڈکاسٹ، تحقیقی رپورٹس اور مقامی مسائل سے متعلق مواد تک فوری رسائی ممکن ہوئی ہے۔

یہ تبدیلی صرف ٹیکنالوجی کی تبدیلی نہیں بلکہ معلومات حاصل کرنے کے طریقوں، ترجیحات اور عوامی توقعات میں تبدیلی ہے۔

IMS کی ڈیجیٹل صحافت سے متعلق تحقیق میں پاکستان میں کم از کم 55 اور بعض اندازوں کے مطابق 120 تک ڈیجیٹل نیوز اداروں کا ذکر کیا گیا ہے۔ ان میں سے بہت سے ادارے ایسے موضوعات پر کام کر رہے ہیں جنہیں روایتی میڈیا میں نسبتاً کم جگہ ملتی ہے۔ تاہم ملک میں ڈیجیٹل تقسیم بھی موجود ہے؛ انٹرنیٹ تک رسائی، شہری اور دیہی فرق، معاشی حیثیت اور خواتین کے لیے موبائل انٹرنیٹ کے استعمال کی رکاوٹیں اس تبدیلی کے ثمرات سب تک یکساں پہنچنے نہیں دیتیں۔

ڈیجیٹل میڈیا نے مقامی زبانوں، علاقائی شناختوں، خواتین، نوجوانوں اور محروم طبقات کو اپنی آواز بلند کرنے کے نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔ لیکن اسی کے ساتھ ایک دوسرا مسئلہ بھی پیدا ہوا ہے: ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مقبولیت اور صحافتی اعتبار کو اکثر ایک ہی چیز سمجھ لیا جاتا ہے۔

کسی ویڈیو کے لاکھوں ویوز اس بات کا ثبوت نہیں کہ اس میں موجود معلومات درست ہیں۔ کسی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے لاکھوں فالوورز اس کی ادارتی ساکھ کی ضمانت نہیں۔ اسی طرح کسی چھوٹے مقامی صحافتی ادارے کی محدود رسائی اس کے صحافتی کام کی اہمیت کم نہیں کرتی۔

ڈیجیٹل میڈیا کے مستقبل کا انحصار اس بات پر ہے کہ وہ توجہ حاصل کرنے کی دوڑ سے آگے بڑھ کر اعتماد پیدا کرنے کی صلاحیت کیسے پیدا کرتا ہے۔

دنیا میں کامیاب ڈیجیٹل صحافت کی خصوصیات: مقبولیت سے زیادہ اعتبار

دنیا میں کئی ڈیجیٹل صحافتی اداروں نے یہ ثابت کیا ہے کہ عوامی مفاد کی صحافت صرف بڑے ٹیلی ویژن نیٹ ورکس یا روایتی اخبارات کی محتاج نہیں۔ مناسب ادارتی وژن، پیشہ ورانہ ٹیم، تحقیق، سامعین کے اعتماد اور متنوع مالی ذرائع کی مدد سے ڈیجیٹل ادارے بھی عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا سکتے ہیں۔

امریکہ کا ادارہ ProPublica اس کی ایک نمایاں مثال ہے۔ یہ ایک غیر منافع بخش تحقیقی نیوز روم ہے جو حکومت، کاروبار اور طاقتور اداروں میں بدعنوانی اور عوامی اعتماد کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔ اس کا مالی ماڈل بنیادی طور پر عطیات پر مبنی ہے، لیکن اس کے ساتھ مالی شفافیت اور ادارتی آزادی کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔ اس کی تحقیقی رپورٹنگ نے قانون سازی، پالیسیوں میں تبدیلی اور ادارہ جاتی جواب دہی کے معاملات میں قابلِ ذکر کردار ادا کیا ہے۔

اس طرح کے اداروں کی کامیابی سے چند بنیادی خصوصیات سامنے آتی ہیں۔

اول، ان کے پاس واضح ادارتی مشن ہوتا ہے۔ وہ ہر موضوع پر خبر دینے کی کوشش کرنے کے بجائے ان مسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہیں جن کا تعلق عوامی مفاد، انسانی حقوق، تعلیم، صحت، ماحولیات، کرپشن اور حکمرانی سے ہوتا ہے۔

دوم، وہ خبر کی تصدیق، تحقیق، دستاویزات، شواہد اور متعلقہ فریقوں کے مؤقف کو بنیادی اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے لیے خبر کی رفتار سے زیادہ اس کی سچائی اہم ہوتی ہے۔

سوم، وہ اپنے سامعین کو محض ویوز اور کلکس کا ذریعہ نہیں سمجھتے بلکہ ایک ایسے کمیونٹی پارٹنر کے طور پر دیکھتے ہیں جس کے اعتماد کے بغیر ادارہ زندہ نہیں رہ سکتا۔

چہارم، وہ مالی وسائل کے لیے صرف ایک ذریعے پر انحصار نہیں کرتے۔ عطیات، ممبرشپ، سبسکرپشن، گرانٹس، تحقیقی شراکت داری، تربیتی سرگرمیوں اور دیگر پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے آمدنی کے مختلف راستے تلاش کرتے ہیں۔ البتہ ہر ذریعے کے لیے واضح ادارتی حفاظتی اصول ضروری ہوتے ہیں۔

پنجم، وہ اپنی مالی معاونت، اسپانسرشپ، ادارتی پالیسی، تصحیح کے طریقہ کار اور مفادات کے ٹکراؤ کے بارے میں شفافیت اختیار کرتے ہیں۔

ششم، وہ ٹیکنالوجی کو صحافت کا متبادل نہیں بلکہ ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ویڈیو، ڈیٹا جرنلزم، مصنوعی ذہانت، پوڈکاسٹ اور سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہیں، لیکن تحقیق اور انسانی فیصلے کی بنیادی اہمیت برقرار رکھتے ہیں۔

ہفتم، وہ مقامی مسائل کو وسیع تر انسانی اور عالمی تناظر میں پیش کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک کسی چھوٹے شہر یا گاؤں کی کہانی بھی اتنی ہی اہم ہو سکتی ہے جتنی کسی بڑے دارالحکومت کی سیاسی پیش رفت، اگر اس کا تعلق عوامی مفاد سے ہو۔

یہی وہ خصوصیات ہیں جو کسی ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم کو محض ایک سوشل میڈیا پیج سے ایک معتبر صحافتی ادارے میں تبدیل کرتی ہیں۔

مقامی صحافت کا مستقبل: چھوٹے شہروں کی بڑی حقیقتیں

پاکستان میں ڈیجیٹل صحافت کے مستقبل پر گفتگو کرتے ہوئے مقامی اور علاقائی میڈیا کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ہزارہ، ملاکنڈ، کوہستان، بلوچستان، گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب جیسے خطوں میں مقامی صحافت کا کردار صرف خبر پہنچانا نہیں بلکہ ان علاقوں کی سماجی، معاشی اور ثقافتی حقیقتوں کو قومی گفتگو کا حصہ بنانا بھی ہے۔

کسی پہاڑی گاؤں میں پانی کی آلودگی، کسی علاقے میں جنگلات کی کٹائی، بچیوں کی تعلیم میں رکاوٹ، صحت کے مراکز کی غیر فعالیت یا نوجوانوں کے لیے روزگار کی عدم دستیابی بظاہر مقامی مسائل ہیں، لیکن درحقیقت یہ ریاستی پالیسی، وسائل کی تقسیم اور انسانی ترقی کے بڑے سوالات سے جڑے ہوئے ہیں۔

مقامی صحافتی اداروں کے پاس ایک ایسی قوت موجود ہے جو بڑے میڈیا ہاؤسز کے لیے پیدا کرنا مشکل ہوتی ہے: اپنے لوگوں، علاقوں، زبانوں اور مسائل سے براہ راست تعلق۔

لیکن اس تعلق کو پیشہ ورانہ صحافت میں تبدیل کرنے کے لیے ڈیٹا، تربیت، تحقیقی صلاحیت، ٹیکنالوجی، ادارتی پالیسی اور مالی منصوبہ بندی ضروری ہیں۔ مقامی میڈیا کو بھی یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ صرف سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں فالوورز حاصل کرنا طویل مدتی ادارہ جاتی کامیابی نہیں۔

اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب ایک مقامی صحافتی ادارہ اپنے علاقے کے مسائل پر ایسی مستند معلومات فراہم کرے جنہیں شہری، محققین، پالیسی ساز اور سرکاری ادارے بھی سنجیدگی سے لیں۔

حل کیا ہے؟ معلومات کو دوبارہ عوامی مفاد سے جوڑنا ہوگا

پاکستان میں معلومات کے بحران کا حل کسی ایک ادارے، قانون یا میڈیا پلیٹ فارم کے پاس نہیں۔ اس کے لیے کئی سطحوں پر تبدیلی ضروری ہے۔

سرکاری اداروں کو معلومات تک رسائی کے قوانین پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کرنا ہوگا۔ عوامی بجٹ، ترقیاتی منصوبوں، سرکاری اعدادوشمار اور ادارہ جاتی کارکردگی سے متعلق معلومات آسانی سے دستیاب ہونی چاہئیں۔

سیاسی جماعتوں کو معلومات کو انتخابی پروپیگنڈے کے بجائے عوامی مکالمے کا ذریعہ بنانا ہوگا۔ سیاسی اختلاف جمہوریت کی خوبصورتی ہے، لیکن دانستہ غلط معلومات اس کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہیں۔

میڈیا اداروں کو اشتہارات، اسپانسرشپ اور دیگر مالی مفادات کے باوجود ادارتی آزادی برقرار رکھنے کے لیے واضح اصول بنانے ہوں گے۔ خبر، رائے اور تشہیر کے درمیان فرق نمایاں ہونا چاہیے۔

حکومت کو ڈیجیٹل میڈیا کے لیے اشتہارات کی تقسیم کا ایسا شفاف نظام بنانا ہوگا جو صرف فالوورز، ویوز یا کسی سیاسی پسند و ناپسند پر منحصر نہ ہو، بلکہ ادارتی معیار، عوامی مفاد، علاقائی نمائندگی، صحافتی اخلاقیات اور قابلِ تصدیق کارکردگی کو بھی اہمیت دے۔

میڈیا مالکان کو صحافیوں کی تنخواہوں، ملازمت کے تحفظ، تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کو اخراجات کے بجائے ادارے کی بنیادی سرمایہ کاری سمجھنا ہوگا۔

تعلیمی اداروں میں میڈیا اور اطلاعاتی خواندگی کو فروغ دینا ہوگا تاکہ نوجوان صرف معلومات حاصل نہ کریں بلکہ ان کی تصدیق، تجزیہ اور تنقید بھی کر سکیں۔

اور سب سے بڑھ کر مقامی صحافت، کمیونٹی میڈیا اور تحقیقی صحافت کو مضبوط بنانا ہوگا، کیونکہ قومی سطح پر بڑے بیانیے اکثر ان چھوٹی حقیقتوں کو چھپا دیتے ہیں جو عام شہری کی زندگی پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔

سچائی کو زندہ رکھنے کے لیے اس کی معاشی بنیاد بھی ضروری ہے

کسی معاشرے میں معلومات کی موجودگی خود بخود تبدیلی پیدا نہیں کرتی۔ تبدیلی اس وقت جنم لیتی ہے جب معلومات شہری کو سوال کرنے، فیصلہ کرنے، اختلاف کرنے، شرکت کرنے اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے قابل بناتی ہیں۔

ایک باخبر عوام جمہوریت کو مضبوط کرتے ہیں۔ عوامی شرکت اداروں کو جواب دہ بناتی ہے۔ شفافیت اعتماد پیدا کرتی ہے۔ اعتماد سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے اور مساوی معلوماتی رسائی معاشرے کے نظر انداز کیے جانے والے طبقات کو اجتماعی ترقی میں شریک کرتی ہے۔

لیکن ان تمام تبدیلیوں کی بنیاد دو شرائط پر قائم ہے: معلومات قابلِ اعتماد ہوں اور انہیں فراہم کرنے والے ادارے معاشی طور پر زندہ رہنے کے قابل ہوں۔

پاکستان کو آج معلومات کے مزید ذرائع سے زیادہ معلومات کی سچائی، دیانت داری اور آزادی کی ضرورت ہے۔ ہمیں مزید بیانیوں سے زیادہ حقائق، مزید دعووں سے زیادہ شواہد اور مزید شور سے زیادہ سنجیدہ مکالمے کی ضرورت ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ہمیں ایسے صحافتی اداروں کی بھی ضرورت ہے جو اپنے صحافیوں کو باعزت روزگار دے سکیں، تحقیق پر سرمایہ کاری کر سکیں اور کسی ایک طاقتور سرپرست کے رحم و کرم پر انحصار کیے بغیر اپنا کام جاری رکھ سکیں۔

کیونکہ معاشی طور پر کمزور صحافت کو سیاسی، تجارتی اور ادارہ جاتی دباؤ کے سامنے آزاد رکھنا مشکل ہوتا ہے۔ اور جب آزاد صحافت کمزور ہوتی ہے تو شہریوں کے پاس سچائی تک پہنچنے کے راستے بھی محدود ہونے لگتے ہیں۔

یہاں ایک بنیادی سوال پھر ہمارے سامنے آتا ہے: اگر معاشرے کو قابلِ اعتماد معلومات کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے تو پھر وہ صحافتی ادارے معاشی طور پر کمزور کیوں ہو رہے ہیں جو عوامی مفاد میں معلومات فراہم کرتے ہیں؟

شاید اس سوال کا جواب صرف میڈیا کی معیشت میں نہیں، بلکہ ہماری اجتماعی ترجیحات میں بھی پوشیدہ ہے۔ ہم اچھی صحافت چاہتے ہیں، لیکن کیا ہم اس کی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں؟ ہم آزاد میڈیا کی حمایت کرتے ہیں، لیکن کیا ہم اس کے لیے مالی اور ادارہ جاتی آزادی کے راستے بھی ہموار کرتے ہیں؟

بالآخر سوال یہ نہیں کہ پاکستان میں کتنی خبریں نشر ہوتی ہیں، کتنے ٹیلی ویژن چینلز موجود ہیں یا سوشل میڈیا پر روزانہ کتنے لاکھ دعوے کیے جاتے ہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ایک عام پاکستانی شہری ان معلومات کی بنیاد پر اپنی زندگی، اپنے مستقبل اور اپنے معاشرے کے بارے میں کوئی آزادانہ اور باخبر فیصلہ کر سکتا ہے؟ حال ہی میں یونیسکو اور انٹرنیشنل میڈیا سپورٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے شائع ہونے والی رپورٹ” دی ویلیو آف جرنلزم ” میں ایک مہذب سوسائٹی میں صحافت کی افادیت کا بڑی خوبصورتی سے تجزیہ کیا گیا ہے کہ عوامی مفاد کی صحافت ایک سماج کے لیے کتنی ضروری ہے۔

ہمیں تسلیم کرنا ہوگا کہ ہمارا مسئلہ اطلاعات کی قلت نہیں، بلکہ قابلِ اعتماد معلومات اور آزاد صحافت کی قلت ہے۔

کیونکہ صحافت کا اصل سرمایہ صحافیوں کے سیاستدانوں اور سرکاری افسروں سے تعلقات،رعب،دبدبہ،مختلف گروہوں کی منشی گیری ، مخبری یا سوشل میڈیا فالوورز نہیں، بلکہ عوام کا اعتماد ہے اور اس اعتماد کو قائم رکھنے کے لیے صرف صحافتی دیانت کافی نہیں، ایک پائیدار، شفاف اور آزاد معاشی بنیاد بھی ضروری ہے۔

تحقیقی حوالہ جات اور ماخذ

مضمون میں شامل حالیہ مباحثوں اور تحقیقی نتائج کے لیے درج ذیل بنیادی ماخذ استعمال کیے گئے ہیں:

1. IMS – Challenges of Viability, Sustainability and Resilience of Indie Digital Journalism Platforms in Pakistan (2023): پاکستان میں آزاد ڈیجیٹل صحافت کے معاشی مسائل، فیکٹ چیکنگ، سامعین کی شمولیت اور پائیداری۔ اصل تحقیق۔

2. Freedom Network – Free Speech and Public Interest Journalism Under Siege (2025): مئی 2024 تا اپریل 2025 صحافتی آزادی، معاشی دباؤ، صحافیوں کی سلامتی اور میڈیا کے کاروباری ماڈل کا جائزہ۔ مکمل رپورٹ۔

3. کراچی میڈیا اکنامکس مباحثہ، 31 اکتوبر 2026: Voicepk اور IBA-CEJ کا پروگرام، Who Pays for the Truth? مباحثے کی تفصیلی رپورٹ۔

4. اسلام آباد ڈیجیٹل میڈیا مکالمہ، 24 ستمبر 2026: IRADA، SZABIST اور IMS کا مطالعہ Public Money, Public Interest۔ مکمل تفصیلات۔

5. Reuters Institute Digital News Report 2025: دنیا بھر میں سوشل میڈیا، ویڈیو اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے خبروں کے استعمال میں تبدیلی۔ رپورٹ۔

6. ProPublica: عوامی مفاد کی تحقیقی صحافت اور غیر منافع بخش معاشی ماڈل کی مثال۔ [ادارے کا تعارف اور مالی ماڈل](https://www.propublica.org

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں