پاکستان چیمپئنز نے بھارتی ٹیم سے گزشتہ سیزن میں پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے پر تحریری معافی کے مطالبے پر اتفاق نہ ہونے کے بعد ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے جاری ایڈیشن سے دستبرداری اختیار کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے این او سی دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم اس کے ساتھ گزشتہ سیزن میں پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے پر بھارتی ٹیم سے تحریری معافی کا مطالبہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا مؤقف تھا کہ گزشتہ سیزن میں بھارتی ٹیم کی جانب سے پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے منتظمین سے یہ یقین دہانی بھی مانگی تھی کہ اگر بھارتی کھلاڑی پاکستان کے خلاف کھیلنے یا ٹورنامنٹ میں شرکت سے گریز کرتے ہیں تو اس پر اعتراض نہیں کیا جائے گا۔
تاہم منتظمین کی جانب سے بھارتی ٹیم سے تحریری معافی کے مطالبے کو تسلیم نہ کیے جانے کے بعد پاکستان چیمپئنز نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کی انتظامیہ نے پاکستان کی دستبرداری کی وجہ ’’غیر متوقع حالات‘‘ قرار دی ہے۔
یہ معاملہ 2025 کے ٹورنامنٹ کے دوران سامنے آیا تھا، جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں بھارتی ٹیم نے پاکستان چیمپئنز کے خلاف گروپ مرحلے کا میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ بعد ازاں سیمی فائنل میں بھی بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف میدان میں نہیں اتری، جس کے نتیجے میں پاکستان چیمپئنز کو واک اوور ملا اور وہ فائنل میں پہنچ گئی تھی۔
بھارتی ٹیم میں یوراج سنگھ، سریش رائنا، ہربھجن سنگھ، پیوش چاؤلہ، یوسف پٹھان اور رابن اتھپا سمیت سابق بھارتی انٹرنیشنل کرکٹرز شامل تھے۔
پاکستان چیمپئنز کی حالیہ دستبرداری کی وجہ کے حوالے سے ٹورنامنٹ انتظامیہ اور بھارتی میڈیا کی جانب سے سامنے آنے والی تفصیلات میں فرق موجود ہے، تاہم پی سی بی کی جانب سے تحریری معافی کے مطالبے کی اطلاع بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دی ہے۔
