ایبٹ آباد: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد نے میٹرک (SSC) سالانہ دوم امتحانات 2026 کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ جاری کردی۔
بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سالانہ دوم امتحانات 12 اکتوبر 2026 سے شروع ہوں گے اور 27 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق جماعت دہم کا فزکس کا پہلا پرچہ 12 اکتوبر کو مقررہ وقت پر ہوگا، جبکہ دیگر مضامین کے امتحانات نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق لیے جائیں گے۔
بورڈ کے مطابق 7، 8، 9 اور 10 اکتوبر کو ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں، جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں علیحدہ نوٹیفکیشن یا پریس ریلیز کے ذریعے کیا جائے گا۔
اعلامیے میں امتحانی مراکز کے سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ 9 اکتوبر کو پریپریشن ڈے کے طور پر مناتے ہوئے اپنے مراکز میں حاضری یقینی بنائیں اور امتحانات کے لیے ضروری انتظامات مکمل کریں۔
بورڈ نے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی ہے کہ وہ 12 اکتوبر سے نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق مقررہ وقت پر اپنے امتحانی مراکز پہنچیں۔
بورڈ نے طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کو امتحانات سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر توجہ نہ دینے اور صرف بی آئی ایس ای ایبٹ آباد کے سرکاری ذرائع سے جاری معلومات پر اعتماد کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
