ایبٹ آباد: ضلع ایبٹ آباد میں پولیو سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کردیا گیا، جس کے دوران پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے 1800 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی قیادت میں پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کے ہمراہ فیلڈ میں سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ حساس علاقوں، اہم مقامات اور داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
پولیو مہم کے دوران مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، جبکہ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں بھی متحرک رہیں گی۔
ڈی پی او ہارون رشید خان نے پولیس افسران و اہلکاروں کو پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنانے اور فرائض الرٹ و پیشہ ورانہ انداز میں انجام دینے کی ہدایت کی ہے۔
ایبٹ آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔
