مانسہرہ: شیرپور کے قریب نوجوان کو مبینہ طور پر گھر سے ساتھ لے جانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، پولیس نے مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق مقتول کریم داد ولد جہانگیر کا تعلق شملائی بٹگرام سے تھا۔ واقعے کے بعد مقتول کی بیوہ بی بی جان کی مدعیت میں تھانہ خاکی میں علت نمبر 440 کے تحت پیر خان ولد زرداد خان سکنہ شملائی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعیہ نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز عصر کے وقت پیر خان اس کے گھر آیا اور مبینہ طور پر دھمکی دی کہ اگر اللہ داد کی بیٹی کا رشتہ نہ دیا گیا تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ مدعیہ کے مطابق ملزم نے اس سے شوہر کا موبائل نمبر بھی مانگا، تاہم اس نے نمبر دینے سے انکار کردیا۔
ایف آئی آر کے مطابق کچھ دیر بعد کریم داد گھر پہنچا تو پیر خان اسے اپنے ساتھ لے گیا۔ بعدازاں اہل خانہ کو اطلاع ملی کہ خواجگان کے قریب شیرپور فرش پل پر نامعلوم مسلح افراد نے چلتی گاڑی میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت کریم داد کے نام سے ہوئی، جس کی لاش قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کردی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم قتل کی اصل وجوہات تاحال واضح نہیں۔ واقعے کی تفتیش جاری ہے جبکہ نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی گئی ہے۔
