Skip to content

اقلیتی حقوق پر ون مین کمیشن کا اجلاس، امیدواروں کی 5 فیصد کوٹے پر بھرتی

شیئر

شیئر

پشاور: اقلیتی برادری کے آئینی و قانونی حقوق اور پانچ فیصد روزگار کوٹے پر عملدرآمد سے متعلق ون مین کمیشن کا اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین ون مین کمیشن ڈاکٹر محمد شعیب سڈل نے کی۔

اجلاس میں اقلیتی برادری کے نمائندوں، انتظامی سیکرٹریز اور پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اقلیتی برادری کے لیے 3380 سرکاری آسامیاں مختص ہیں، جن میں سے 1282 اہل امیدواروں کو پانچ فیصد کوٹے کے تحت بھرتی کیا جا چکا ہے، جبکہ 2106 آسامیاں تاحال خالی ہیں۔

ڈاکٹر شعیب سڈل نے کہا کہ اقلیتی برادری کو آئینی و قانونی حقوق کی فراہمی اور سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد کے حوالے سے خیبرپختونخوا کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے خالی آسامیوں پر اقلیتی امیدواروں کی بروقت بھرتی کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مطلوبہ اہلیت کے امیدوار دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اقلیتی روزگار کوٹے پر عملدرآمد کے لیے مزید آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ اقلیتی نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اکیڈمی کے قیام کی تجویز بھی زیر غور آئی، جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔

سرکاری جامعات میں دو فیصد اقلیتی طلبہ کوٹے پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ تمام سرکاری جامعات آئندہ داخلوں میں دو فیصد کوٹے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوردوارہ سارا گڑھی سنگھ سبھا ہنگو کو سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد مزید ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر شعیب سڈل نے متعلقہ حکام کو گوردوارہ کی رجسٹریشن کے عمل میں تعاون کی ہدایت کی۔

اجلاس میں اقلیتی ملازمین کی تقرری اور تبادلوں کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کی سربراہی ڈاکٹر شعیب سڈل کریں گے۔ کمیٹی تقرری و تبادلوں کے عمل کے لیے واضح پالیسی اور رہنما اصول مرتب کرے گی۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے، جبکہ اقلیتی برادری کے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں