ایبٹ آباد: کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کے طلباء و طالبات نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس ایبٹ آباد کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہیں پولیس کے مختلف شعبہ جات، تفتیشی نظام، جرائم کی روک تھام اور عوامی خدمت کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
دورے کے دوران طلباء و طالبات نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ہارون رشید خان سے خصوصی ملاقات کی۔ ڈی پی او نے طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پولیس کے پیشہ ورانہ امور، جرائم کی رپورٹنگ، مقدمات کے اندراج، تفتیش، شواہد اکٹھے کرنے، ملزمان کی گرفتاری، عدالتی کارروائی، امن و امان کے قیام، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی شکایات کے ازالے کے نظام پر بریفنگ دی۔
ہارون رشید خان نے کہا کہ جدید پولیسنگ میں پیشہ ورانہ تفتیش، جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال، بروقت کارروائی، میرٹ، قانون کی بالادستی اور عوام سے بہتر رابطہ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا، جرائم کی روک تھام اور قانون کی یکساں عملداری یقینی بنانا ہے۔طلباء و طالبات نے پولیس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرکے انتظامی امور، تفتیشی عمل اور عوامی خدمت کے عملی طریقۂ کار کا مشاہدہ بھی کیا۔
دورے کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے پولیسنگ، جرائم کی روک تھام، تفتیش، پولیس کو درپیش چیلنجز، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پولیس و عوام کے تعلقات سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ڈی پی او ایبٹ آباد نے طلباء و طالبات کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیتے ہوئے پولیس کے پیشہ ورانہ کردار اور ذمہ داریوں سے متعلق مزید آگاہی فراہم کی۔
