تورغر: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تورغر ارشد خان (PSP) نے تھانہ کاروڑ کی حدود گاؤں گواندلہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں پولیس افسران، علاقہ عمائدین، علماء کرام، تاجر برادری اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل و شکایات ڈی پی او کے سامنے پیش کیں۔ ارشد خان نے مسائل غور سے سنے اور پولیس سے متعلق بعض شکایات کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے، جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایات دیں۔
پولیس کے دائرہ اختیار سے باہر مسائل اور مطالبات پر ڈی پی او نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو مراسلے ارسال کرنے کی ہدایت کی، تاکہ مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر مؤثر پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔
ڈی پی او ارشد خان نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے موجود ہے، جبکہ عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ تھانہ کی سطح پر کسی قسم کی کمی یا خامی کی نشاندہی کریں تاکہ پولیسنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اراضی کے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے تھانہ کی سطح پر ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (DRC) کو فعال کیا گیا ہے۔ منشیات، بالخصوص آئس کے استعمال اور فروخت کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
ڈی پی او نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور منشیات فروشوں سمیت آئس کے استعمال یا فروخت میں ملوث عناصر کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں۔
انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر شہریوں سے مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دینے اور قیامِ امن کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی اپیل بھی کی۔
کھلی کچہری کے اختتام پر مقامی عمائدین اور شہریوں نے عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہا۔
