ایبٹ آباد: تھانہ مانگل کی حدود کوٹلہ سجی کوٹ میں حق مہر میں دی گئی پانچ مرلہ زمین کے تنازع پر 29 سالہ خاتون رضیہ بی بی کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کردیا، جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا۔ مقتولہ کے والد بشیر ولد خانی زمان سکنہ منور بالاکوٹ کی مدعیت میں تھانہ مانگل میں ملزم ثاقب ولد سید قمر، سکنہ الائی بٹگرام حال کوٹلہ سجی کوٹ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
مقتولہ کے والد کے مطابق رضیہ بی بی کی شادی ثاقب کے ساتھ ہوئی تھی اور نکاح کے وقت پانچ مرلہ زمین حق مہر میں دی گئی تھی، جس کا اندراج نکاح نامے میں موجود تھا۔ ان کے مطابق رضیہ بی بی کے چار بچے ہیں اور اس کا سب سے چھوٹا بچہ صرف دو ماہ کا ہے۔
بشیر کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے ثاقب اپنی اہلیہ سے حق مہر میں دی گئی زمین واپس کرنے کا مطالبہ کررہا تھا، تاہم رضیہ نے زمین واپس کرنے سے انکار کردیا، جس پر شوہر نے اسے مبینہ طور پر قتل کی دھمکیاں دینا شروع کردی تھیں۔مقتولہ کے والد کے مطابق جان کو لاحق خطرے کے پیش نظر رضیہ بی بی نے تھانہ مانگل میں تحفظ کے لیے درخواست بھی دی تھی، تاہم ان کے بقول اس پر مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
والد نے الزام عائد کیا کہ اگر پولیس بروقت کارروائی کرتی تو شاید یہ سانحہ پیش نہ آتا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر مقتولہ کے اہلخانہ ہسپتال پہنچے، جہاں قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش آبائی علاقے منتقل کردی گئی۔
دوسری جانب مانگل پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ مقتولہ کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور یہ بھی تحقیقات کی جائیں کہ تحفظ کے لیے دی گئی درخواست پر پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔
