محترم ڈپٹی کمشنر مانسہرہ صاحب،
السلام علیکم،
میں نہایت ادب اور توجہ کے ساتھ آپ کی خدمت میں یہ گزارش پیش کرنا چاہتا ہوں کہ بیدادی گاؤں کے قریب مین روڈ پر ایک انتہائی خطرناک لینڈ سلائیڈنگ پوائنٹ موجود ہے، جو عوام کی جان و مال کے لیے مسلسل شدید خطرہ بنا ہوا ہے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ میں اس سنگین صورتحال کی نشاندہی متعدد مرتبہ ضلعی انتظامیہ کے سامنے کر چکا ہوں۔ ڈھوڈیال میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران سابقہ ڈی پی او جناب گنڈاپور صاحب کی توجہ بھی اس مسئلے کی جانب مبذول کروائی گئی تھی، جنہوں نے موقع پر متعلقہ پولیس حکام کو جائے وقوعہ کا دورہ کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
مزید برآں، میں نے اس وقت کے ڈی ایس پی صاحب سے بھی رابطہ کیا اور انہیں موقع کا معائنہ کر کے متعلقہ اداروں تک اس مسئلے کو پہنچانے کی درخواست کی، تاکہ بروقت مرمت اور حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔ اسی طرح شِنکیاری میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران اسسٹنٹ کمشنر بفہ صاحب کو بھی اس خطرناک صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
بدقسمتی سے، ان تمام کوششوں اور بارہا نشاندہی کے باوجود تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ خدانخواستہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا شدید خدشہ ہے۔
لہٰذا آپ سے نہایت مؤدبانہ گزارش ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں، خصوصاً این ایچ اے یا دیگر ذمہ دار محکموں کو ہدایت فرمائی جائے کہ وہ فوری طور پر موقع کا معائنہ کریں اور ضروری حفاظتی و مرمتی اقدامات بلا تاخیر عمل میں لائیں۔
آپ کی بروقت اور ہمدردانہ توجہ یقینا کسی ممکنہ سانحے کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
آپ کی عنایت کا پیشگی شکریہ۔
مخلص،
تاج الدین خان
سینئر سٹیزن
شِنکیاری، ضلع مانسہرہ