مانسہرہ
اسسٹنٹ کمشنر بفہ پکھل نے شنکیاری اور بفہ بازار میں چھاپہ مار کر گوشت کے ناغہ کے دن کباب فروخت کرنے والے دکاندار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہے۔ یہ کارروائی صوبائی حکومت اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف بیکریوں اور تندوروں کا معائنہ کیا، جہاں ایک دکاندار سرکاری طور پر مقرر کردہ ناغہ کے دن کباب تیار اور فروخت کرتے ہوئے پایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے قانون کی اس سنگین خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ دکاندار کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گوشت کے ناغہ کے دن کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام دکانداروں کو سختی سے سرکاری احکامات کی پابندی کرنی ہوگی۔