بالاکوٹ
اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حسرت خان نے گڑھی حبیب اللہ بازار کا اچانک دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور دستیابی کا معائنہ کیا۔ یہ کارروائی صوبائی حکومت کے عوامی ایجنڈے اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے سبزیوں، پھلوں اور دیگر ضروری اشیاء کی سرکاری نرخ ناموں کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف دکانوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانداروں کو ریٹ لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔ معائنے کے دوران گراں فروشی اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ حسرت خان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بازاروں کی نگرانی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔