ہری پور
یونیورسٹی آف ہری پور کی فعال و متحرک علمی و فکری سوسائٹی "سلام سوسائٹی” کے زیر اہتمام ایک اہم و بامقصد علمی مجلسِ مباحثہ منعقد ہوئی، جس میں اسلامی معاشیات، جدید تقاضوں کے مطابق تجارت کی ترویج، اور قومی مصنوعات کی ترقی جیسے اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
یہ نشست سلام سوسائٹی یونیورسٹی آف ہری پور کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت خطیبِ جامعہ، مفتی احسان عظیم صاحب نے فرمائی۔ اُن کی علمی سرپرستی اور فکری رہنمائی میں جامعہ ہری پور کے علوم اسلامیہ و دینیہ کے پی ایچ ڈی سکالرز نے نہایت سنجیدگی، شعور اور تحقیق کے ساتھ قومی و بین الاقوامی تناظر میں اسلامی تجارت کے امکانات اور تقاضوں پر اظہار خیال کیا۔
مجلس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ عصرِ حاضر کے عالمی معاشی دباؤ، غیر ملکی اجارہ داری اور مقامی صنعتوں کی کمزوری کے تناظر میں امتِ مسلمہ، بالخصوص پاکستان کو خود انحصاری، خود اعتمادی اور قومی پیداوار کے فروغ کی فوری اور بھرپور ضرورت ہے۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دیانت دارانہ تجارت، مقامی وسائل کا درست استعمال، اور قومی مصنوعات کی ترویج ہی ترقی کی اصل کنجی ہے۔
سلام سوسائٹی کی یہ مجلس نہ صرف فکری و شعوری ترقی کا مظہر تھی، بلکہ سکالرز میں عملی سوچ، تخلیقی فکر اور اصلاحی جذبے کو جِلا بخشنے کا ذریعہ بھی بنی۔ شرکاء نے سوسائٹی کے اس مفید اور بصیرت افروز اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے میدانِ عمل میں اسلامی، اخلاقی اور قومی اصولوں کو ترجیح دے کر ایک روشن، خود کفیل اور باوقار پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔