Skip to content

مانسہرہ پولیس کا تین اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

شیئر

شیئر

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کی خصوصی ہدایات پر پولیس ویلفیئر کے سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی قیادت میں فلاحی معاہدوں کا دائرہ کار مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے۔

اسی تسلسل میں آج تین مزید اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (MOUs) پر دستخط کیے گئے، جن کا مقصد مانسہرہ پولیس کے حاضر سروس، ریٹائرڈ اہلکاروں اور شہداء کے خاندانوں کو صحت کے شعبے میں معیاری اور بآسانی دستیاب سہولیات فراہم کرنا ہے۔

پہلا معاہدہ D-Watson فارمیسی مانسہرہ کے ساتھ کیا گیا، جس کے تحت شہداء کی فیملیز کے ساتھ ساتھ حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو فارمیسی کی تمام اشیاء پر 10 فیصد خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔ یہ رعایت روزمرہ ادویات اور طبی اشیاء کی خریداری میں مالی سہولت فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔

دوسرا معاہدہ Autism Blue Therapeutic Hub Mansehra کے ساتھ طے پایا، جس کے تحت پولیس شہداء کے بچوں اور خاندانوں کو تھراپی کی تمام سروسز پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ اہلکاروں کے لیے 25 فیصد رعایت کی سہولت دستیاب ہوگی۔ یہ اقدام خصوصی بچوں اور ذہنی بحالی کے محتاج افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک حساس اور بروقت قدم ہے۔

تیسرا اور انتہائی اہم معاہدہ Irfan Neuro-Psychiatry & General Hospital Mansehra کے ساتھ کیا گیا ہے، جس کے تحت مانسہرہ پولیس کے حاضر سروس، ریٹائرڈ اور شہداء کے اہل خانہ کو نیورو سائیکیٹری سے متعلق تمام سروسز مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی۔ یہ سہولت ذہنی صحت کے شعبے میں پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو ایک نئی امید فراہم کرے گی۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس موقع پر کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء ہماری قوم کا فخر ہیں، اور ان کے خاندانوں کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویلفیئر کے یہ اقدامات صرف ابتدا ہیں، اور مانسہرہ پولیس مستقبل میں دیگر شعبوں میں بھی مزید معاہدے کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

پولیس ملازمین اور ان کے خاندانوں نے ان معاہدوں پر آئی جی خیبرپختونخواہ، ڈی آئی جی ہزارہ، اور ڈی پی او مانسہرہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پولیس ویلفیئر کے یہ اقدامات آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں