خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج رات سے 7 اکتوبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بارشوں کے باعث دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو صاف اور فعال رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں اور ضروری سامان کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے، بجلی کی تاروں اور دیگر خطرناک اشیا سے دور رہنے جبکہ سیلابی پانی میں داخل ہونے یا اسے عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔
