پشاور: احتساب عدالت پشاور نے اپر کوہستان اسکینڈل میں نامزد ملزم مشرف شاہ کے مبینہ بے نامی اثاثے ضبط کرنے سے متعلق نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے بے نامی داروں کے بینک اکاؤنٹس میں موجود 74 کروڑ روپے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ فیصلے میں اکاؤنٹس میں موجود 40 کروڑ روپے سرکاری اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق مشرف شاہ کی اہلیہ کے نام ایبٹ آباد میں ایک کنال 16 مرلے کا مکان بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بشام، شانگلہ میں تین کنال 16 مرلے زرعی اراضی بھی ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
عدالت کے مطابق بے نامی داروں نے عدالت کے روبرو مذکورہ اثاثوں سے دستبرداری پر رضامندی ظاہر کی، جبکہ بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم کو جرم سے حاصل ہونے والی آمدن قرار دیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مشرف شاہ کی اہلیہ نے بھی عدالت کے سامنے مذکورہ جائیدادیں اپنے شوہر کی جانب سے خریدی گئی قرار دیں۔
تحریری فیصلے کے مطابق فریقین کے بیانات اور پیش کردہ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ اثاثے ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے۔